عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال
نئی دہلی: دہلی الیکشن میں انڈیا بلاک کی دھار بالکل بیکار نظر آ رہی ہے۔ ایک طرف جہاں کئی پارٹیاں اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی کو سپورٹ کرنے کی بات کر رہی ہیں، وہیں دوسری طرف کانگریس پوری طرح سے الگ تھلگ پڑی ہوئی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے اپنی حمایت کرنے والی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کانگریس کو بی جے پی کا پیادہ قرار دیا ہے۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان ہو رہے ہیں۔ کیجریوال نے دہلی انتخابات میں حمایت کے لیے تمام پارٹیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’’میڈیا سے معلوم ہو رہا ہے کہ ادھو ٹھاکرے بھی حمایت کر رہے ہیں۔ ان تمام جماعتوں اور لوگوں کا شکریہ جو حمایت کر رہے ہیں۔ یہ انڈیا بلاک کا الیکشن نہیں ہے۔ یہ الیکشن عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان ہے۔
اس کے ساتھ ہی اروند کیجریوال نے کانگریس امیدوار سندیپ دکشٹ کو بی جے پی کا پیادہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیسا بی جے پی کہتی ہے وہ ویسا ہی کرتے ہیں۔ اگر بی جے پی کہتی ہے کہ آگے بڑھو تو آگے بڑھتے ہیں۔ اگر بی جے پی کہتی ہے بیٹھ جاؤ تو وہ بیٹھ جاتے ہیں۔ اور اگر بی جے پی کہتی ہے کہ دائیں مڑو تو دائیں مڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندیپ دکشٹ بی جے پی کا پیادہ ہے، اگر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر رہے ہیں تو کر دیں۔
اروند کیجریوال نے اپنے خطاب میں یہ بھی واضح کیا کہ دہلی اسمبلی انتخابات انڈیا بلاک کے بینر تلے نہیں لڑے جا رہے ہیں۔ اس میں عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان سیدھی ٹکر ہے اور اگر دوسری پارٹیاں عام آدمی پارٹی کی حمایت کر رہی ہیں تو یہ ان کی ذاتی رائے اور نظریہ ہے۔
بھارت ایکسپریس۔