Bharat Express

IICC Election 2024: انڈیا اسلامک سینٹر کی خدمت کے لئے صدر بننا چاہتا ہوں، ڈاکٹر ماجد احمد تالیکوٹی نے کیا بڑا اعلان

سراج الدین قریشی کی پینل کی طرف دارالحکومت دہلی کے لودھی روڈ واقع انڈیا ہیبیٹیٹ سینٹرمیں بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس کا خاص مقصد غیر مسلم ممبران کی حمایت حاصل کرنا تھا۔ سراج الدین قریشی کے پینل کو اس میں کافی حد تک کامیابی بھی ملی اورانہوں نے غیرمسلم ممبران کی حمایت بھی حاصل کی۔

نئی دہلی: انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے 2024 کے الیکشن کی تاریخ اب بہت قریب ہے، اگریہ کہا جائے کہ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کا الیکشن آخری مرحلے میں ہے توزیادہ مناسب ہوگا۔ اسی ضمن میں سبھی پینل کی طرف سے مختلف مقامات پر میٹنگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سراج الدین قریشی کی پینل کی طرف سے نئی دہلی کے لودھی روڈ واقع انڈیا ہیبیٹیٹ سینٹرمیں بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس کا خاص مقصد غیرمسلم ممبران کو اپنی طرف جوڑنا تھا۔ سراج الدین قریشی کے پینل کو اس میں کافی حد تک کامیابی بھی ملی اورانہوں نے غیرمسلم ممبران کی حمایت بھی حاصل کی۔ اس جلسے کی صدارت سینئرصحافی سنیل دانگ نے کی جبکہ صدارتی امیدوار ڈاکٹرماجد احمد تالیکوٹی، نائب صدرامیدوار کلیم الحفیظ، بورڈ آف ٹرسٹی کے امیدوارسراج الدین قریشی کے علاوہ جمشید زیدی کو چھوڑکرتمام امیدوارموجود تھے۔

ڈاکٹرماجد احمد تالیکوٹی نے کیا یہ بڑا اعلان

ڈاکٹرماجد احمد تالیکوٹی نے اس موقع پرممبران سے خطاب کرتے ہوئے اپنی زندگی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں کھلی کتاب کی طرح ہوں، میں چاہتا ہوں کہ میں اسلامک سینٹر کے وقارکو واپس لاؤں، اس لیے میں نے ان چیلنجزکو قبول کیا، کیونکہ مجھے چیلنج کافی پسند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں ایک گاؤں سے آتا ہوں جہاں انگریزی میڈیم اسکول نہیں ہیں. لیکن میں اپنی محنت سے کینسراسپیشلسٹ بن گیا۔  میں نے محسوس کیا کہ قوم کی خدمت کے لئے اسلامک سینٹر کے ذریعہ میں قوم کو کچھ دے سکتا ہوں، اس لئے میں امیدوار بنا ہوں۔

 

سراج الدین قریشی کی طرح خود کو اسلامک سینٹر کے لئے وقف کردوں گا: ڈاکٹر ماجد احمد

ڈاکٹرماجداحمد تالیکوٹی نے بڑے بے باک اندازمیں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے سامنے کئی اہم امیدوارہیں، جوکافی اہم ہیں، لیکن میرا ان سے سوال ہے کہ انہوں نے اسلامک سینٹرکواب تک کیا کیا؟ یا جوموقع ملا تھا، اس کوانہوں نے کھو دیا، اس لیے کیا مجھے ایک موقع نہیں ملنا چاہئے؟ اگر آپ مجھے موقع دیتے ہیں تو میں (ڈاکٹر ماجد )انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے لئے ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔ انہوں نے مخالفین پرالزام لگاتے ہوئے کہا کہ اپنی خامیوں کو چھپانے کے لئے آپ لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں اور جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ میں کوئی سیاسی آدمی نہیں ہوں، اس لئے میں کوئی انڈیا اسلامک سینٹر کو برباد نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سراج الدین قریشی نے جس طرح سے اپنی جوانی اوردولت لگا دی ہے، اسی طرح میں بھی لگاؤں گا۔ لیکن اگرآپ چاہتے ہیں کہ یہ سیاست کا اڈہ نہ بنے تو میرے پینل کو موقع دیجئے اورمجھے کامیاب بنائیے۔

سراج الدین قریشی نے ممبران سے کی خاص اپیل

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے سابق صدر سراج الدین قریشی نے اپنی تقریر کے درمیان اپنی کارکردگی اوراپنی حصولیابیوں کا ذکرکیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک سینٹرکو میں جودے سکتا تھا وہ میں نے دیا، لیکن اب میں ڈاکٹرماجد احمد تالیکوٹی کو لے کرآیا ہوں، جن کا کردار بہت صاف ستھرا ہے۔ میں نے آپ کے سامنے ایک ہیرے کو پیش کیا ہے، انہوں نے کہا کہ عہدہ میرے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتا، میں صرف اس لئے بورڈ میں آنا چاہتا ہوں تاکہ اگر ہمارا پینل جیت کر آتا ہے تو ہم ان کی نگرانی کرسکیں۔ انہوں نے ممبران سے اپیل کی کہ سیاسی لوگوں کو اسلامک سنٹرمیں مت آنے دیجئیے۔

سینئرجرنلسٹ سنیل دنگ نے سراج الدین پینل کی حمایت کا اعلان کیا

سینئرصحافی اورانڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے رکن سنیل دانگ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سراج الدین قریشی کومیں 40 سالوں سے جانتا ہوں۔ انہوں نے اپنا سب کچھ اسلامک سینٹرکے لئے لگا دیا ہے. انہوں نے سینٹر کے لئے جو لڑائی لڑی ہے، اس سے ہم سبھی بخوبی واقف ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سینٹر میں ایسا شخص آنا چاہیے جوحکومت سے لڑائی کرکے نہیں بلکہ دوستی کرکے ان سے کام لے. میں ڈاکٹر ماجد جیسے لوگوں کو بہت پسند کرتا ہوں اور ان کی سوچ بہت اچھی ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سراج الدین قریشی کے پینل کی  جیت یقینی ہے۔

 بھارت ایکسپریس