Bharat Express DD Free Dish

Assam CM Oath: آسام میں ہمنتا بسوا سرما دوسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا لیں گے حلف ، وزیر اعظم مودی سمیت کئی بڑے لیڈر ہوں گے شریک

ہمنتا بسوا سرما نے یہ اعلان بھی کیا کہ بی جے پی رہنما رنجیت داس کو آسام اسمبلی کے اسپیکر عہدے کے لیے امیدوار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت ریاست کی ترقی، خوشحالی اور مضبوطی کے لیے متحد ہو کر کام کرے گی۔

نئی دہلی:آسام کی سیاست میں آج ایک اہم اور تاریخی دن مانا جا رہا ہے، جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما ہمنتا بسوا سرما مسلسل دوسری بار ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے جا رہے ہیں۔ گوہاٹی کے ویٹرنری کالج گراؤنڈ میں صبح 11:40 بجے حلف برداری کی شاندار تقریب منعقد ہوگی، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی مرکزی وزراء، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور این ڈی اے کے سرکردہ لیڈرشرکت کریں گے۔ہمنتا بسوا سرما نے خود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے ساتھ چار نئے وزراء بھی حلف لیں گے۔ ان میں رامیشور تیلی، اتل بورا، چرن بورو اور اجنتا نیوگ شامل ہیں۔ اتل بورا آسام گن پریشد کے صدر ہیں، جب کہ چرن بورو بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ کے رکن اسمبلی ہیں۔ یہ دونوں پہلے بھی ریاستی کابینہ میں وزیر رہ چکے ہیں۔ اجنتا نیوگ گزشتہ حکومت میں بھی وزیر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں، جب کہ رامیشور تیلی سابق مرکزی وزیر مملکت رہنے کے بعد حال ہی میں دوبارہ ریاستی سیاست میں فعال ہوئے ہیں۔

ہمنتا بسوا سرما نے یہ اعلان بھی کیا کہ بی جے پی رہنما رنجیت داس کو آسام اسمبلی کے اسپیکر عہدے کے لیے امیدوار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت ریاست کی ترقی، خوشحالی اور مضبوطی کے لیے متحد ہو کر کام کرے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی پیر کی رات گوہاٹی پہنچے، جہاں ہمنتا بسوا سرما اور بی جے پی لیڈروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم کی آمد کو آسام کی سیاست میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ این ڈی اے حکومت مسلسل تیسری مرتبہ ریاست میں اقتدار سنبھالنے جا رہی ہے۔ہمنتا بسوا سرما نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم مودی کے استقبال کو آسام کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ریاست کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور نئی حکومت عوامی ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گی۔

حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، سربانند سونووال، شیوراج سنگھ چوہان، جیوتی رادتیہ سندھیا، چراغ پاسوان، پرمود ساونت، بھجن لال شرما، سمرت چودھری، وشنو دیو سائے، پشکر سنگھ دھامی، دیویندر فڑنویس، موہن چرن ماجھی اور موہن یادو شامل ہیں۔آسام بھر میں اس تقریب کو لے کر زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ہمنتا بسوا سرما کی قیادت میں نئی حکومت ریاست میں ترقیاتی منصوبوں کو مزید رفتار دے سکتی ہے، جب کہ این ڈی اے اتحاد اپنی سیاسی گرفت کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کرے گا۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read