پی جے پی لیڈر اور ریاستی وزیر نتیش رانے۔ (تصویر: اے این آئی)
عیدالاضحیٰ پر متنازعہ بیان کے حوالے سے اقلیتی کمیشن کی طرف سے نوٹس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مہاراشٹر کے ماہی پروری اور بندرگاہوں کی ترقی کے وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر نتیش رانے نے بدھ کو مہاراشٹرا ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین پیارے خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’’ذمہ داری سے کام کریں‘‘۔
میرے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے ہیں پیارے خان: نتیش رانے
نتیش رانے اپنے متنازعہ بیانات کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انھوں نامہ نگاروں سے باتے کرتے ہوئے مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کے چیئرمین پر ذاتی حملہ بھی کیا اور کہا ’’پیارے خان میرے بارے میں ٹی وی پر بات کرتے ہیں، لیکن جب وہ مجھ سے ذاتی طور پر ملتے ہیں تو وہ میرے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑے ہوتے ہیں‘‘ رانے نے مزید کہا کہ پیارے خان کو مسلم اور اقلیتی برادریوں کو اکٹھا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
نتیش رانے نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مزید کہا ’’میرا ماننا ہے کہ ایک ذمہ دار عہدے پر فائز شخص کو ذمہ داری سے کام کرنا چاہیے۔ اقلیتی کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے پیارے خان کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ وہ کس طرح مسلم اور اقلیتی برادریوں کو اکٹھا کر سکتے ہیں اور انھیں کس طرح تعلیم دے سکتے ہیں۔‘‘ عیدالاضحیٰ کے حوالے سے اپنے بیان کو دہراتے ہوئے نتیش رانے نے کہا اس تہوار کو ماحول دوست طریقے سے منایا جائے۔ انھوں نے کہا ’’مسلم برادری کو ہندوؤں کی طرح ہی ماحول دوست طریقے سے تہوار منانے چاہئیں‘‘۔
بی جے پی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بکرے ذبح کرنے کی وجہ سے ’’ہندو شہریوں‘‘ کو بے چینی ہوتی ہے، جس سے دونوں برادریوں کے درمیان تنازعات کا امکان پیدا ہوتا ہے۔ رانے نے مزید کہا ’’جب ابو عاصم اعظمی کہتے ہیں کہ ’ہم بکرا ذبح کریں گے‘، تو یہ ہندو برادری کے صبر کو واضح طور پر آزماتا ہے۔ میں پیارے خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ میری بات پر غور کریں۔‘‘
اگر فساد ہوا تو ہم نتیش رانے کو مانیں گے ذمہ دار: پیارے خان
دریں اثنا مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کے چیئرمین پیارے خان نے نتیش رانے پر مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کا نام ’خراب‘ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان ٹھیک نہیں ہے۔ پیارے خان نے کہا ’’کیا کبھی کسی مسلمان نے دیوالی یا ہولی پر تبصرہ کیا ہے؟ مسلمان کبھی بھی دوسرے مذاہب کے تہواروں پر تبصرہ نہیں کرتے ہیں۔… نتیش رانے ہمیشہ مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کا نام لے کر بیان دیتے ہیں، جو درست نہیں ہے… مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کا نام خراب کرنا درست نہیں ہے۔‘‘
پیارے خان نے یہ بھی کہا کہ اقلیتی کمیشن نتیش رانے کو ریاستی اقلیتی کمیشن کے سیکشن 10 کے تحت نوٹس جاری کرے گا۔ انھوں نے کہا ’’یہاں کی حکومت قانون کو سب سے اوپر سمجھتی ہے۔ اگر دو برادریوں کے درمیان جھگڑا ہوتا ہے یا فساد ہوتا ہے، تو اقلیتی کمیشن سیکشن 10 کے تحت نتیش رانے کو نوٹس جاری کرے گا کہ فساد آپ کی وجہ سے ہوا ہے۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


