سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد اور ان کی اہلیہ شائستہ پروین۔ (فائل فوٹو)
Umesh pal murder case: امیش پال قتل سانحہ معاملے کی جانچ مسلسل جاری ہے، لیکن ابھی تک پولیس کے ہاتھ خالی ہیں۔ اس قتل سانحہ میں پولیس کو ابھی تک جو سراغ ملے ہیں، اس نے ہر کسی حیرت میں ڈال دیا ہے۔ حالانکہ ابھی اس کے بارے میں حتمی طور پر کچھ بھی کہہ پانا جلد بازی ہوگی۔ پولیس کو عتیق احمد کی اہلیہ شائستہ پروین پر شک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عتیق احمد کی سازش کوان کی اہلیہ شائستہ پروین نے ہی انجام تک پہنچایا ہے، کیونکہ عتیق احمد جیل میں بند ہیں۔ اب شائستہ پروین یوپی پولیس کے نشانے پر ہیں۔
یوپی پولیس امیش پال قتل سانحہ کے ملزمین کی جانچ میں مصروف ہے، لیکن اس کے ہاتھ ابھی خالی ہیں۔ پولیس عتیق احمد کے گروہ کے لوگوں کو پکڑنے کے لئے مسلسل انعامات کا اعلان کر رہی ہے اور اس کی رقم میں اضافہ بھی کر رہی ہے۔ حالانکہ ابھی تک پولیس معاملے کی تہہ تک نہیں پہنچ سکی ہے۔
19 دن بعد بھی پولیس کے ہاتھ خالی
سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کا بیٹا اسد، شوٹرصابر، گڈومسلم، محمد غلام، ارمان پرانعام کی رقم بڑھ رہی ہے۔ پولیس نے ان لوگوں پر انعام کی شروعات 50 ہزار روپئے سے کی تھی، پھر اس کو بڑھا کرڈھائی لاکھ روپئے کیا گیا اور اب 5 لاکھ روپئے کردیا گیا ہے، لیکن اس کے باوجود بھی پولیس کو کوئی سراغ ہاتھ نہیں لگا۔ قاتل اتنے شاطر ہیں کہ واردات کو انجام دیئے ہوئے 19 دن ہوچکے ہیں اور پولیس کے ہاتھ ابھی تک خالی ہیں۔
شائستہ پروین کی گرفتاری کے بعد پولیس کو کامیابی ملنے کا امکان
عتیق احمد کی اہلیہ شائستہ پروین یوپی پولیس کی رڈار پر ہیں۔ پولیس کے مطابق، اسے ابھی جو بھی رازمعلوم ہوئے ہیں، اس میں شائستہ پروین کا نام سب سے اوپرہے اور وہی اس معاملے کی ماسٹرمائنڈ مانی جا رہی ہیں۔ پولیس کی جانچ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ عتیق احمد کی اہلیہ مسلسل شوٹروں کے رابطے میں تھی اورشوٹروں سے ہرایک چیز پر تبادلہ خیال کر رہی تھیں۔ شمالی پولیس سب سے پہلے شائستہ پروین کی گرفتاری کی کوشش میں لگی ہے، کیونکہ شائستہ پروین گرفتارہوتی ہے توعتیق احمد سے متعلق راز کھل سکتے ہیں۔ اس درمیان خبر ہے کہ امیش پال قتل سانحہ کو انجام دینے سے پہلے عتیق احمد کے بیٹے اورشوٹروں کے لیڈراسد احمد نے 16 موبائل اور16 سم کارڈ خریدے تھے۔ یہ تمام سم اورموبائل فرضی نام اور پتے سے خریدے گئے، جو پہلے سے ہی ایکٹیو تھے۔