نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے بی جے پی کے ساتھ جانے سے انکار کردیا ہے۔
Farooq Abdullah Praises Rahul Gandhi: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں ‘بھارت جوڑو یاترا’ جمعرات کی شام جموں وکشمیر پہنچ گئی ہے۔ جموں میں یاترا کے داخل ہوتے ہی ریاست کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے کانگریس لیڈرراہل گاندھی کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شنکرآچاریہ کے بعد ایسی یاترا نکالنے والے دوسرے شخص ہیں۔ فاروق عبداللہ نے یہ بھی کہا کہ یہ ‘رام’ اور’گاندھی’ کا ملک ہے۔ نیوزایجنسی اے این آئی کے مطابق، فاروق عبداللہ نے کہا، ‘صدیوں پہلے شنکرآچاریہ یہاں آئے تھے۔ وہ تب چلے جب سڑکیں نہیں تھیں، لیکن جنگل تھے۔ وہ کنیا کماری سے پیدل چل کرکشمیرگئے تھے۔ راہل گاندھی دوسرے شخص ہیں، جنہوں نے اسی کنیا کماری سے یاترا نکالی اورکشمیر پہنچ رہے ہیں’۔
بھارت میں پیدا کی جار ہی ہے نفرت
نیشنل کانفرنس کے لیڈر اورسابق مرکزی وزیر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یاترا کا مقصد نفرت کے خلاف ملک کو متحد کرنا ہے۔ یہ گاندھی اور رام کا ملک ہے، جہاں ہم سبھی ایک ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘مقصد بھارت کوایک کرنا ہے۔ بھارت میں نفرت پیدا کی جارہی ہے اور مذاہب کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے۔ گاندھی اور رام کا بھارت وہ تھا، جہاں ہم سب ایک تھے۔ یہ یاترا بھارت کو ایک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے دشمن بھارت، انسانیت اور لوگوں کے دشمن ہیں۔
سابق مرکزی وزیر فاروق عبداللہ نے مرکز کے زیرانتظام ریاست میں دہشت گردی سے متعلق بھی بات کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جب تک پاکستان کے ساتھ بات چیت نہیں کی جاتی، تب تک یہ موضوع زندہ رہے گا۔ فاروق عبداللہ نے کہا، “میں آپ کو اپنے خون سے تحریری طور پر لکھ کر دینے جا رہا ہوں کہ دہشت گردی زندہ ہے اور یہ تب تک ختم نہیں ہوگا، جب تک آپ پاکستان سے بات نہیں کریں گے”۔
کانگریس پارٹی کے لیڈران نے بتایا کہ “بھارت جوڑو یاترا” کے جموں وکشمیر مرحلے کے دوران نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ، پیپلزڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی، نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ جیسے کئی مشہور سیاسی لیڈران نے حصہ لیا۔ پارٹی کے مطابق، شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ (ادھو گروپ) سنجے راوت اورسی پی آئی (ایم) لیڈرمحمد یوسف بھی یاترا میں حصہ لیں گے۔
-بھارت ایکسپریس