![](https://urdu.bharatexpress.com/wp-content/uploads/2025/02/ds-ezgif.com-jpg-to-webp-converter-1.webp)
دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا۔ ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے شروع ہوگی اور توقع ہے کہ دوپہر 2 بجے تک یہ واضح ہوجائے گا کہ دہلی میں اگلی حکومت کون بنائے گا۔ عام آدمی پارٹی دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ دہلی میں مسلسل تیسری بار اکثریتی حکومت بنائے گی، وہیں بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ اس بار وہ اروند کجریوال کی پارٹی کو اقتدار سے باہر کا راستہ دکھائے گی۔ دہلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کے بعد جاری کیے گئے بیشتر ایگزٹ پولز میں بی جے پی کی جیت کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔
بی جے پی بھی ایگزٹ پول سے پرجوش ہے جبکہ عام آدمی پارٹی دعویٰ کر رہی ہے کہ جب نتائج کا اعلان کیا جائے گا تو یہ تمام پیشین گوئیاں غلط ثابت ہوں گی۔ اروند کیجریوال نے جمعہ کوعآپ امیدواروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے بعد عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر گوپال رائے نے میڈیا کو بتایا کہ تمام عآپ امیدواروں کی میٹنگ ہوئی جس میں تمام امیدواروں نے اپنی رپورٹیں دیں۔ ان کی رپورٹ کے مطابق عآپ تقریباً 50 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور 7-8 سیٹوں پر سخت مقابلہ ہوگا۔
دہلی اسمبلی انتخابات 2020 میں، عام آدمی پارٹی نے 62 اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی کو آٹھ اسمبلی سیٹوں پر قناعت کرنا پڑی۔ اس الیکشن میں کانگریس پارٹی کا کھاتہ بھی نہیں کھل سکا۔ دہلی کی جن آٹھ اسمبلی سیٹوں پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ہے ان میں روہنی، بدر پور، لکشمی نگر، وشواس نگر، گاندھی نگر، روہتاس نگر، گھونڈا اور کراول نگر اسمبلی سیٹیں شامل ہیں۔
وہیں ووٹوں کی گنتی سے قبل بی جے پی لیڈر وی ڈی شرما نے کہا کہ دہلی الیکشن کے نتائج آنے والے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہلی میں 26 سال بعد تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے۔ ہم بھاری اکثریت سے جیتیں گے…لوگوں کا وزیر اعظم مودی پر بہت اعتماد ہے۔ اب وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم دہلی کی ترقی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔