Bharat Express

​Delhi Assembly Election: اماموں کے بعد پجاریوں اور گرنتھیوں کو بھی تنخواہ دینے والی اسکیم کا کجریوال نے کیا اعلان،چھ ماہ سے تنخواہ کیلئے احتجاج کررہے ہیں دہلی کے امام

اس اسکیم کے تحت مندر کے پجاریوں اور گرودواروں کے گرنتھیوں کو ہر ماہ 18000 روپے کی رقم دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے۔ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کل سے شروع ہوگی۔ یہ اسکیم کل کناٹ پلیس سے شروع ہوگی۔

دہلی اسمبلی انتخابات کے مدنظر عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے آج ایک پریس کانفرنس میں ایک نئی اسکیم کا اعلان کیاہے۔ انہوں نے دہلی اسمبلی انتخابات سے پہلے پجاری اور گرنتھی سمان اسکیم کا اعلان کیا ہے۔کجریوال نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت مندر کے پجاریوں اور گرودواروں کے گرنتھیوں کو ہر ماہ 18000 روپے کی رقم دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے۔ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کل سے شروع ہوگی۔ یہ اسکیم کل کناٹ پلیس سے شروع ہوگی۔ کل میں خود کناٹ پلیس میں ہنومان مندر جاکر رجسٹریشن شروع  کروں گا۔اس کے بعد تمام اراکین اسمبلی اپنے اپنے حلقے میں گرنتھیوں کا رجسٹریشن کریں گے۔

کجریوال نے کہا کہ پجاری اور گرنتھی سماج کی خدمت کر تے ہیں۔ آج تک کسی نے اس کی طرف توجہ نہیں کی۔ اگر عام آدمی پارٹی حکومت بنتی ہے تو ہم پجاریوں اور گرنتھیوں کو 18000 روپے ماہانہ تنخواہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں کل کناٹ پلیس میں ہنومان مندر جاؤں گا اور پجاریوں کی رجسٹریشن کروں گا۔ میں بی جے پی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پجاریوں اور گرنتھیوں کے رجسٹریشن میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کرے۔ رجسٹریشن کے اس عمل کو مت روکیں۔ اگر بی جے پی اس اسکیم کو روکنے کی کوشش کرتی ہے تو وہ گناہ کرے گی۔اور گرنتھیوں کی بددعا لگے گی۔

واضح رہے کہ دہلی میں وقف کے زیرانتظام مساجد کے اماموں کووقف کی آمدنی سے دہلی حکومت کی  زیر نگرانی تنخواہ دی جاتی ہے، لیکن عالم یہ ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے انہیں تنخواہ نہیں ملی ہے۔ ایسے میں دہلی کے اماموں نے ایک دو بار نہیں بلکہ کئی مرتبہ دہلی کے وزیراعلیٰ رہے اروند کجریوال کی رہائش گاہ پر جاکر احتجاج کیا ہے اور اپنی تنخواہ واگزار کرانے کی اپیل کی ہے ،لیکن ابھی تک ان کی تنخواہ جاری نہیں کی گئی ہے۔ وہیں دہلی بی جے پی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ اعلان کرنے میں ماہر ہیں ،لیکن اس کو عملی جامہ پہنانے سے قاصر بھی ہیں، امام چھ ماہ سے اپنی تنخواہ کیلئے تڑپ رہے ہیں ،ان کو وقت پر تنخواہ نہیں دے رہے ہیں اور پجاریوں کیلئے اسکیم کا اعلان کررہے ہیں ،یہ سب دکھاوا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read