Bharat Express

Delhi Assembly Election 2025: دہلی میں 400یونٹ مفت بجلی اور خواتین کیلئے ہر ماہ 3000 روپئے کا اعلان کرسکتی ہے کانگریس،انتخابی منشور پر کام جاری

دیویندر یادو نے دعویٰ کیا کہ عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دونوں ہی دہلی کے عوام کو جھوٹے وعدوں سے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس بار دہلی کے لوگ ان کے جال میں نہیں آئیں گے۔

دہلی اسمبلی انتخابات کی گہماگہمی اپنے شباب کی طرف رواں دواں ہے۔کانگریس نے بھی دہلی اسمبلی انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے اور اپنے انتخابی منشور پر کام شروع کردیا ہے۔اس سلسلے میں پیر کو دہلی کانگریس لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ کے بعد ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ کانگریس اپنے انتخابی منشور میں 400 یونٹ مفت بجلی کے ساتھ خواتین کو 3 ہزار روپے ماہانہ دینے کا وعدہ کر سکتی ہے۔ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ہم ایسے وعدے نہیں کریں گے جو پورے نہ ہو سکیں۔ ہم صرف بات کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق دیویندر یادو نے دعویٰ کیا کہ عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دونوں ہی دہلی کے عوام کو جھوٹے وعدوں سے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس بار دہلی کے لوگ ان کے جال میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں پارٹیاں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کھوکھلے وعدے اور بیانات دے رہی ہیں۔ دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے گزشتہ 10 سال  وعدہ خلافی، دھوکہ دہی اور بدعنوانی سے بھرے ہوئے ہیں۔

دہلی کانگریس کے صدر نے کہا ہے کہ ہم نے لوگوں سے بھی بات کی ہے کہ کن وعدوں کو منشور میں شامل کیا جائے اور ان کی رائے لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین ساز بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بارے میں وزیر داخلہ امت شاہ کا بیان انصاف اور مساوات کے اصول پر حملہ ہے ،اس لئے دہلی کانگریس کے کارکنان اس کے خلاف دہلی کے ہر ضلع اور بلاک میں مارچ نکالیں گے۔ دیویندر یادو نے امت شاہ سے فوری معافی مانگنے اور وزیر داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال خود دہلی کے لوگوں کے درمیان ہیں، جب کہ بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر عہدیدار بھی کچی بستیوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کی انتخابی سرگرمی کا متبادل بننے کی کوشش کرنے والی کانگریس بھی اب ایکٹیو موڈ میں آتی دکھائی دے رہی ہے۔ آپ کو بتادیں کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے دہلی میں کل 70 اسمبلی سیٹیں ہیں جن کے لیے فروری تک انتخابات ہونے ہیں۔ دہلی اسمبلی کی مدت فروری میں ختم ہو رہی ہے۔

بھارت ایکسپریس۔