نئی دہلی: سابق وزیر اعظم اور بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کی برسی کے موقع پر آج پورا ملک انہیں عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر رہنماؤں نے اٹل بہاری واجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اٹل بہاری واجپئی کا انتقال 16 اگست 2018 کو ہوا تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سابق وزیر اعظم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اٹل جی غیر معمولی بصیرت رکھنے والے ایک عظیم سیاست داں تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی ملک کی خدمت کے لیے وقف کردی۔ انہوں نے کہا کہ واجپئی کے خیالات اور کوششوں نے کئی نسلوں کو متاثر کیا، جبکہ ان کی قیادت نے ملک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گڈ گورننس اور عوامی فلاح و بہبود پر اٹل جی کا زور ہمیشہ ملک کی رہنمائی کرتا رہے گا۔
Remembering Atal Ji on his Punya Tithi. An extraordinary statesman blessed with remarkable vision, he dedicated his life to the service of our nation. His words and efforts inspired generations and his leadership strengthened our nation. His focus on good governance and public…
— Narendra Modi (@narendramodi) August 16, 2026
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے ’سدایو اٹل‘ پہنچ کر سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاست داں، شاعر اور دور اندیش مفکر کی حیثیت سے اٹل بہاری واجپئی نے اپنی زندگی ہندوستان کے اتحاد، وقار اور اس کے تزویراتی مفادات کو مضبوط بنانے کے لیے وقف کردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی تعمیر، جامع قیادت اور قومی فخر کے لیے واجپئی کی وابستگی آنے والی نسلوں کو بھی تحریک دیتی رہے گی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اٹل بہاری واجپئی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے محب وطن سیاست داں تھے جنہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ ملک کی خدمت کے لیے وقف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف واجپئی نے جوہری تجربات اور کارگل جنگ کے دوران پوری دنیا کو ہندوستان کی طاقت سے روشناس کرایا، تو دوسری طرف ان کی اصول پر مبنی سیاست نے انتودیہ اور بہتر حکمرانی کے تصور کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اٹل بہاری واجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ واجپئی نے اپنے خیالات اور اقدامات سے ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط بنایا اور پوری زندگی ’قوم سب سے پہلے، ہمیشہ سب سے پہلے‘ کے جذبے کے ساتھ کام کیا۔ ان کے لیے سیاست کا بنیادی مقصد قومی مفاد اور عوامی خدمت تھا۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ واجپئی کی قیادت میں ہندوستان نے دفاعی طاقت، اقتصادی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نئی بلندیوں کو حاصل کیا۔ انہوں نے ملک کو مضبوط، خود اعتماد اور ترقی کی نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ اٹل بہاری واجپئی کی شخصیت، ان کے نظریات اور ملک کی خدمت کا عزم آج بھی عوام اور سیاسی کارکنوں کے لیے ہمیشہ ایک روشن مثال اور تحریک کا ذریعہ بنا ہواہے ۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

