Bharat Express

Bihar Political Crisis: بہار میں کھیل ابھی باقی… آرجے ڈی کی میٹنگ میں بڑا فیصلہ، تیجسوی یادو نے نتیش کمار سے متعلق کہی یہ بڑی بات

پٹنہ میں آرجے ڈی اراکین اسمبلی اوراراکین پارلیمنٹ کی میٹنگ ختم ہوگئی ہے۔ اس دوران نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادونے اپنے اراکین اسمبلی کو خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کا ہماری پارٹی نے ہمیشہ احترام کیا ہے۔ ہرموضوع پرہم ساتھ رہے ہیں۔

تیجسوی یادو نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے متعلق بڑا دعویٰ کیا ہے۔

پٹنہ میں آرجے ڈی کی میٹنگ ختم ہوگئی ہے، لیکن اس میٹنگ کے دوران ریاست کے موجودہ نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بہارمیں کھیل ابھی باقی ہے۔ تیجسوی یادو نے اس دوران یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار ان کے لئے ہمیشہ قابل احترام تھے اوراب بھی ہیں۔ نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ وزیراعلیٰ میرے ساتھ اسٹیج پر بیٹھتے تھے اور پوچھتے تھے کہ 2005 سے پہلے بہار میں کیا تھا؟ میں نے کبھی ردعمل نہیں دیا… اب زیادہ لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔

اسی کے ساتھ تیجسوی یاددو نے یہ بھی کہا کہ جو کام دو دہائیوں میں نہیں ہوا، وہ ہم نے کم وقت میں کردکھایا، چاہے وہ نوکری ہو، ذات پرمبنی مردم شماری ہو، ریزرویشن بڑھانا وغیرہ۔ عظیم اتحاد میں آرجے ڈی کی اتحادی پارٹیوں نے ہمیشہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کا احترام کیا، لیکن کئی چیزیں ان کے کنٹرول میں نہیں ہے۔

لالو پرساد یادو نے اراکین اسمبلی کو دیا بڑا حکم

وہیں اس میٹنگ کے بعد آرجے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے کہا کہ آرجے ڈی کی میٹنگ میں لالو پرساد یادو کر ہرفیصلہ لینے کا اختیاردیا گیا ہے۔ منوج جھا نے کہا کہ آخری فیصلہ اب لالو پرساد یادو کو ہی لینا ہے۔ ان کو ہر فیصلہ لینے کا اختیاردیا گیا ہے۔ وہیں لالوپرساد یادو نے آرجے ڈی کے سبھی اراکین اسمبلی کو پٹنہ میں ہی رہنے کا حکم جاری کیا ہے۔ لالو پرساد یادو نے کہا ہے کہ ان کے اراکین اسمبلی کسی بھی صورتحال کے لئے تیار رہیں۔ لالو یادو نے اپنے سبھی اراکین اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ اپنا فون بند نہ کریں۔ خبروں کے مطابق کل دیر شام لالو پرساد یادو نے نتیش کمار کو پانچ بار فون کیا، لیکن انہوں نے فون پربات نہیں کی۔ اس کے بعد آرجے ڈی خیمہ اپنی حکمت عملی بنانے میں مصروف ہوگیا۔ یہاں تک کہ کانگریس صدر ملیکا ارجن کھڑگے نے بھی نتیش کمارسے بات کرنے کی کوشش کی تھی۔

بہارمیں بڑی سیاسی تبدیلی

ذرائع کے مطابق، پٹنہ راج بھون میں حلف برداری تقریب کی تیاری شروع ہوگئی ہے۔ اتوار کو راج بھون کھولنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمارآج ہی شام راج بھون جاسکتے ہیں اور گورنرسے ملاقات کرسکتے ہیں۔ جے ڈی یو کی طرف سے سبھی اراکین اسمبلی کو پٹنہ آنے کے لئے کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، بہارکی آئندہ حکومت کا خاکہ تقریباً  تیارہوگیا ہے۔ نتیش کمار پھر سے وزیراعلیٰ بنے رہیں گے، لیکن بی جے پی سے دو نائب وزیراعلیٰ بنائے جاسکتے ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read