نئی دہلی: 7 اگست کو ملک بھر میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہنومان انش‘ کی پروڈیوسر انوپریہ اے ناگر نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر نتن گڈکری، رکن پارلیمنٹ منوج تیواری اور روحانی رہنما آچاریہ پرمود کرشنم سے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران ان شخصیات نے فلم کے ٹریلر کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میں عقیدت، بھکتی اور بے لوث خدمت کے جذبات کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو نیم کرولی بابا کی تعلیمات سے متاثر ہیں۔
نیم کرولی بابا کی زندگی پر مبنی فلم
’ہنومان انش‘ معروف سنت نیم کرولی بابا کی زندگی اور تعلیمات پر مبنی فلم ہے۔ فلم میں ان کے روحانی سفر اور بھگوان ہنومان سے ان کی گہری عقیدت کو کہانی کا مرکزی موضوع بنایا گیا ہے۔ یہ فلم اے سویمبھو میڈیا نیٹ ورک کے بینر تلے تیار کی گئی ہے اور اس میں دس اصل بھجن اور کیرتن بھی شامل کیے گئے ہیں، جو بابا کی روحانی روایت سے وابستہ ہیں۔ فلم کی پروڈیوسر انوپریہ اے ناگر پیشے کے اعتبار سے ماہر معاشیات رہی ہیں۔ انہوں نے فلم کی تیاری سے قبل نیم کرولی بابا کی زندگی پر گہری تحقیق کی اور ان خاندانوں اور افراد سے ملاقات کی، جو ذاتی طور پر بابا کو جانتے تھے۔ انہوں نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف باتھ سے اکنامکس کی تعلیم حاصل کی ہے اور برطانوی پارلیمنٹ کے ہاؤس آف لارڈز میں بھی خطاب کرچکی ہیں۔
7 اگست کو ملک بھر میں ریلیز ہوگی فلم
فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے انوپریہ اے نگر نے مسلسل 43 دن تک ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کیا۔ ان کے مطابق یہ فلم ان کے لیے محض ایک پروجیکٹ نہیں بلکہ ایک گہرا روحانی اور ذاتی سفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ یہ کہانی خود ان تک پہنچی ہے اور وہ نئی نسل کو نیم کرولی بابا کی تعلیمات، عقیدت اور انسان دوستی کے پیغام سے روشناس کرانے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہیں۔ فلم کی تشہیری مہم کے تحت انوپریہ اے ناگر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے فلم کی تیاری اور اس کے پس منظر پر تفصیل سے گفتگو کی۔ ’ہنومان انش‘ 7 اگست کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی اور اس کا مقصد شری نیم کرولی بابا کی تعلیمات اور ان کے روحانی پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

