جامعہ ملیہ اسلامیہ میں الیومنائی ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک وبیرون ملک کے اولڈ بوائز کو جوہر ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے الیومنائی ایسوسی ایشن کی طرف سے انصاری آڈیٹوریم کے گراؤنڈ اورانصاری آڈیٹوریم میں الیومنائی ڈے کا شانداراہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ملک اوربیرون ملک میں پھیلے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے الیومنائی نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اورایک دوسرے سے ملاقات کی۔ مختلف شعبہ ہائے جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اولڈ بوائزکوالیومنائی ایسوسی ایشن کی طرف سے جوہرایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اس شاندارتقریب میں بارش کی وجہ سے خلل اندازی ہوئی، لیکن جامعہ انتظامیہ نے ان کے لئے آڈیٹوریم کھول کرپروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردارادا کیا۔ اس تقریب میں بطورمہمان خصوصی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسرمظہرآصف اورمہمان اعزازی کے طورپرکارگزاررجسٹرارپروفیسرمہتاب عالم رضوی نے شرکت کی۔ الیومنائی ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری بدرعالم، ٹریزرارایڈوکیٹ اریب حسن، جوائنٹ سکریٹری محمد دانش، دانش حبیب اوران کی پوری ٹیم نے تقریب کا بہترین انعقاد کیا۔ الیومنائی ایسوسی ایشن نے مشترکہ طورپراس بات کا اعلان کیا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کومیڈیکل کالج کی ضرورت ہے، لیکن الیومنائی ایسوسی ایشن جامعہ کوبہت جلد بلڈ بینک دینے جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہم گرلس ہاسٹل بنانے کے لئے بھی رقم کا انتظام کریں گے، اس کے لئے جامعہ انتظامیہ کواقدام کرنا چاہئے۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اپنی کاموں کی رپورٹ بھی پیش کی۔ نظامت کی ذمہ داری پروفیسررحمٰن مصورنے نبھائی۔
جامعہ کے بزرگوں کی خوابوں کی تعبیرہماری ذمہ داری: وائس چانسلر
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلرپروفیسرمظہرآصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج الیومنائی میں آئے ہوئے سبھی کا میں جامعہ برادری کی طرف سے استقبال کرتا ہوں۔ کیونکہ میں جامعہ کا سرپرست ہونے کے ناطے یہ ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اچھی بات کرنا بھی عبادت ہے۔ غلط جگہ پارکنگ نہ کرنا بھی عبادت ہے۔ آپ کی سوچ، آپ کا خیال، آپ کا کرداراورآپ کا عمل کیسا ہے یہ بھی عبادت ہے۔ سب سے اچھی عبادت کسی کی مدد کرنا اورکسی بھوکے کوکھانا کھلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بہت صاف دل کا انسان ہوں، اس لئے خدا ہماری مدد کرتا ہے۔ پروفیسرمظہرآصف نے کہا کہ جامعہ کے بزرگوں کی خوابوں کی تعبیرکرنا اورطلبا سے لے کرتمام ذمہ داران کے مسائل کوحل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
پروفیسرمظہرآصف نے الیومنائی الیکشن کرانے کا اعلان کیا
پروفیسرمظہرآصف نے اپنے خطاب کے دوران بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مارچ-اپریل تک الیومنائی ایسوسی ایشن کا الیکشن ہم کرائیں گے۔ ساتھ ہی جوبھی سہولیات ہوسکتی ہیں، ہم وہ مہیا کرانے کے لئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے حق میں جوبہترہوگا، وہ میں کرنے کے لئے ہمیشہ تیارہوں، لیکن جامعہ کے الیومنائی سے جامعہ کے تعاون کی اپیل کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کربہت سارے مسائل کوحل کرسکتے ہیں۔ پروفیسرمظہرآصف نے کہا کہ میں وائس چانسلرکے طورپرطلباء، اساتذہ، الیومنائی ایسوسی ایشن اورتمام ذمہ داران کے مسائل کوسمجھنا اوراسے حل کرنا میری ذمہ داری ہے، میں اس کے لئے ہمیشہ تیارہوں۔
میڈیکل کالج کے قیام کے لئے اولڈ بوائزکے تعاون کی ضرورت: پروفیسرمہتاب عالم رضوی
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کارگزاروائس چانسلرپروفیسرمہتاب عالم رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے الیومنائی بہت اہم اہم عہدوں پرپوری دنیا میں ہیں۔ میں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے، لیکن جب میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اولڈ بوائزاورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اولڈ بوائزکا موازنہ کرتا ہوں تومجھے محسوس ہوتا ہے کہ علی گڑھ کے مقابلے جامعہ کے اولڈ بوائز میں دلچسپی کی کمی ہے۔ اس لئے میں گزارش کررہا ہوں کہ آپ سبھی اپنی دلچسپی میں اضافہ کرتے ہوئے ہمیں تعاون دیں۔ پروفیسرمہتاب عالم رضوی نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کوآپ سبھی کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ میں میڈیکل کالج کی کمی ہے، اس کمی کو پورا کرنے کے لئے ہم حکومت سے لینڈ (زمین) اورپرمیشن (اجازت) لے سکتے ہیں، لیکن اس کی تعمیرمیں اولڈ بوائزکے تعاون کی ضرورت ہوگی، اس لئے سبھی کواس کے لئے تیاررہنا چاہئے۔
رکن پارلیمنٹ جاوید علی خان نے وائس چانسلر سے کیا بڑا مطالبہ
تقریب کے اخیرمیں سماجوادی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ جاویدعلی خان نے وائس چانسلرکومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلرادارے کے نگہبان ہوتے ہیں، اس لئے ان کوسبھی کا خیال رکھنا چاہئے اوریہ ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے الیومنائی ایسوسی ایشن کے صدرشفاء الرحمٰن جوجیل میں بند ہیں، انہیں بے قصوروارقراردیتے ہوئے کہا کہ جامعہ برادری کو بہترین وکلاء کی خدمات لینی چاہئے اورقانونی طریقے سے ان کی مدد کرنی چاہئے۔ جاوید علی خان نے وائس چانسلرکومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ میں یونین کا الیکشن ہونا چاہئے کیونکہ آپ کا تعلق جے این یوسے ہے اورجے این یومیں جمہوری نظام بہت بہترہے۔ اگرجامعہ میں یونین کا الیکشن ہوگا توآنے والی نسلوں پریہ بہت بڑا احسان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بہت لمبا سفرکرکے اس مقام تک پہنچا ہے، لیکن رکاوٹیں بہت زیادہ ہیں۔ جامعہ کے وجود پربھی خطرہ منڈراتا رہتا ہے۔ کیونکہ ایک رکن پارلیمنٹ نے جامعہ جیسے ادارے کو دہشت گردوں کا اڈہ بتادیا۔ اس لئے میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے اثرورسوخ کا استعمال کریں اورجامعہ کے وقارکوبرقراررکھیں۔ جاوید علی خان نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں جامعہ کے یونین کی سیاست سے نکل کردوسری بارراجیہ سبھا کا رکن پارلیمنٹ ہوں، اس لئے ہماری آنے والی نسلوں کے لئے ضروری ہے کہ انہیں سیاست سے جوڑا جائے۔
بھارت ایکسپریس۔