Bharat Express DD Free Dish

AIUDF delegation meets Assam Governor: اپوزیشن پارٹی کے وفد نے آسام کے گورنر سے کی ملاقات، کہا-ریاست کے غریب اور پس ماندہ مسلمانوں کو کیا جا رہا ہے ہراساں

پارٹی کے ایک وفد نے گورنر سے ملاقات کی اور انھیں ایک میمورنڈم پیش کیا، جس میں اس معاملے میں ان سے مداخلت کا مطالبہ کیا گیا۔

تصویر: اے این آئی

آسام کی اپوزیشن پارٹی آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (AIUDF) نے بدھ کے روز گورنر لکشمن پرساد آچاریہ کو درخواست دیتے ہوئے ریاست میں ’’نام نہاد غیر قانونی غیر ملکیوں‘‘ کی شناخت اور گرفتاری کے بہانے ہندوستانی مسلمانوں کو ’’مسلسل ہراساں‘‘ کیے جانے پر احتجاج کیا۔ پارٹی کے ایک وفد نے گورنر سے ملاقات کی اور انھیں ایک میمورنڈم پیش کیا، جس میں اس معاملے میں ان سے مداخلت کا مطالبہ کیا گیا۔

پارٹی نے الزام لگایا کہ خاص طور پر مسلم کمیونٹی کے لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے، پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور غیر قانونی تارکین وطن ہونے کے محض شبہ ہونے پر بھی گرفتار کر لیا جا رہا ہے۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ کارروائیاں اکثر معتبر ثبوتوں، قانونی نوٹس، یا دستاویزات کی درست تصدیق کے بغیر کی گئی ہیں۔ کچھ کو اصلی ہندوستانی شہری ثابت ہونے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔‘‘

میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلم کمیونٹی کے زیادہ تر لوگ، جن کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے اور مزدور کے طور پر یومیہ اجرت پر زندگی گزار رہے ہیں، ان کے پاس اس طرح کے ’’مظالم‘‘ سے خود کو بچانے کی شاید ہی کوئی صورت ہو۔ اس طرح کی کارروائیوں سے ان کو اور ان کے خاندانوں کی ساکھ خراب ہوتی ہے اور اس سے انھیں جو صدمہ پہنچتا ہے، وہ ناقابل بیان ہے۔

غریب اور پسماندہ مسلمان خوف کے ماحول میں جینے پر ہیں مجبور: اے آئی یو ڈی ایف

AIUDF نے میمورنڈم میں لکھا ہے کہ ’’اس طرح کے بار بار ہونے والے واقعات نے ہماری آبادی کے بڑے حصوں میں خاص طور پر غریب اور پسماندہ مسلمانوں میں خوف اور تشویش کا ماحول پیدا کیا ہے… یہ تشویشناک ہے کہ ووٹر شناختی کارڈ، آدھار اور زمینی ریکارڈ جیسے درست دستاویزات رکھنے والے افراد کو بھی شک کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔‘‘ میمورنڈم میں کہا گیا کہ اے آئی یو ڈی ایف غیر قانونی امیگریشن کی حمایت نہیں کرتا ہے لیکن وہ ملک کی خودمختاری اور اپنی سرحدوں کے تقدس پر یقین رکھتا ہے۔

پارٹی نے گورنر پر زور دیا کہ وہ حکام کو ہدایت دیں کہ وہ مشتبہ غیر ملکیوں کی شناخت میں احتیاط برتیں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی ہندوستانی شہری کو غلط طریقے سے حراست میں نہ لیا جائے یا اسے دھمکی کا نشانہ نہ بنایا جائے اور غلط گرفتاریوں یا طاقت کے غلط استعمال کے ذمہ داروں کی تحقیقات اور جوابدہی طے کی جائے۔

پارٹی نے شہریت کے دعوؤں کی تصدیق اور فرقہ وارانہ پروفائلنگ سے بچنے کے لیے حکومتی اہلکاروں اور عوام میں بیداری کے فروغ کے لیے مناسب قانونی امداد کے ساتھ شفاف اور انسانی طریقہ کار کا مطالبہ کیا ہے اور گورنر سے اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read