Bharat Express

Haryana Assembly Election Result 2024: ہریانہ کے نوح سے کانگریس امیدوار آفتاب احمد کی بڑی جیت، طاہر حسین کو 46963 ووٹوں سے ہرایا

ہریانہ اسمبلی الیکشن میں نوح سے کانگریس نے رکن اسمبلی آفتاب احمد پر ایک بار پھر بھروسہ کیا تھا۔ انہوں نے انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) کے امیدوار طاہر حسین کو 46963  ہرا دیا ہے۔

نوح سے کانگریس امیدوار آفتاب احمد نے پھر بڑی جیت حاصل کی ہے۔

ہریانہ اورجموں وکشمیراسمبلی الیکشن کے نتائج آنے شروع ہوگئے ہیں۔ ہریانہ میں بی جے پی تیسری بارحکومت بنانے میں کامیاب ہوتی ہوئی نظرآرہی ہے۔ بی جے پی 50 سے زیادہ سیٹوں پر جیت حاصل کرتے ہوئے نظرآرہی ہے جبکہ کانگریس صرف 34 سیٹوں پرسبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، لیکن ابھی حتمی نتائج نہیں آئے ہیں، لیکن ہریانہ کے نوح سے پہلا نتیجہ کانگریس کے حق میں آیا ہے۔ کانگریس امیدوارآفتاب احمد نے بڑی جیت حاصل کرلی ہے۔

آفتاب احمد کوکانگریس نے ایک بارپھرامیدواربنایا تھا۔ انہوں نے انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) کے امیدوارطاہرحسین کو 46963  ہرا دیا ہے۔ آفتاب احمد کو 91833 ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ طاہرحسین کو 44870  ووٹ ملے۔ تیسرے نمبر پر بی جے پی امیدوار سنجے سنگھ رہے، انہیں صرف 15902  ووٹ ملے۔ وہیں جن نائک جنتا پارٹی (جے جے پی) کے امیدواربیریندرکوصرف 1570  ووٹ ملے۔ عام آدمی پارٹی کی امیدوار رابعہ قدوائی کو تو صرف 222 ووٹ ملے ہیں جبکہ بھارت جوڑو پارٹی کے انوارکومحض 190 ووٹ ملے ہیں۔

رندیپ سرجے والا کے بیٹے کی جیت

کانگریس کے سینئر لیڈررندیپ سرجے والا کے بیٹے آدتیہ سرجے والا کیتھل اسمبلی حلقہ سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ تقریباً 8 ہزارسے زیادہ ووٹوں سے انہوں نے جیت درج کی ہے۔ کیتھل سیٹ پردوسرے نمبر پربی جے پی کے امیدوار لیلا رام رہے۔

ہریانہ کے وزیراعلیٰ نائب سنگھ سینی کو ملی جیت

ہریانہ کے موجودہ وزیراعلیٰ نائب سنگھ سینی لاڈوا اسمبلی سیٹ سے جیت درج کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔ نائب سنگھ سینی کو تقریباً 55 ہزار ووٹ حاصل ہوئے اورانہوں نے قریب 14 ہزار سے کانگریس امیدوارمیواسنگھ کوشکست دی ہے۔

-بھارت ایکسپریس