Bharat Express

A Waterless Win for Personal Hygiene: پانی کے بغیر ذاتی صفائی کا تصور

نیکسس سے تربیت یافتہ اسٹارٹ اپ کمپنی ’ کلینسٹا‘ پانی کے بغیر استعمال کی جانے والی حفظان صحت سے متعلق اپنی مصنوعات کے ذریعے ذاتی دیکھ بھال کے طریقے کو تبدیل  کر نے کے ساتھ پائیداری کو بھی  فروغ دینے کا کام کررہی ہے۔

پانی کے بغیر ذاتی صفائی کا تصور

تحریر:نتاشا ملاس

ایک ایسی دنیا  جہاں پانی کی قلت روز افزوں تشویش کا باعث ہے ، ہریانہ کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ’ کلینسٹا‘ پانی کے بغیر استعمال کی جانے والی حفظان صحت سے متعلق اپنی مصنوعات سے ماحولیاتی تحفظ کی راہ ہموار کر رہی ہے۔پونیت گپتا کی قائم کردہ  یہ  کمپنی پانی کے بغیراستعمال کیا جانے والا شیمپو اور باڈی باتھ تیار کرتی ہے جو  100 ملی لیٹر کی ہر بوتل کے استعمال کے ذریعہ 350 لیٹر پانی بچانے کا دعوی ٰ کرتی ہے۔ اس میں چھڑکاؤ، مالش اور مسح کرنے کے ایک آسان عمل کے ذریعے کام چلایا جاتا ہے۔

نئی دہلی کے  امریکی سفارت خانے اور الائنس فار کمرشلائزیشن اینڈ انوویشن ریسرچ کے مابین شراکت داری  میں کام کرنے والے  نیکسس اسٹارٹ اپ ہب میں، کلینسٹا دوسرے گروپ کا حصہ تھا۔ نیکسَس اسٹارٹ اپ کمپنیوں ، جدت طرازوں اور سرمایہ کاروں کے درمیان رابطہ سازی کا کام کرتا ہے اور نوخیز کمپنیوں کو رابطے کی سہولت ، تربیت ، اتالیقی اعانت اور سرمایہ تک رسائی فراہم کرتا ہے۔

پائیدار حفظان صحت کے لیے کام کرنے کے عزم  سےکمپنی کوشناخت کے ساتھ ہی مالی اعانت بھی حاصل ہوئی ہے جس میں اس کی ’سمردھ ہیلتھ کیئر بلینڈڈ فائنانس فیسلٹی‘ کے ذریعہ  یو ایس ایڈ / انڈیا سے گرانٹ بھی شامل ہے۔ اس مالی امداد سےکمپنی کواپنے فروخت کے عمل کو وسعت دینے اور معروف نیٹ ورکوں اور شراکت داروں کے ساتھ براہ راست مصنوعات بہم پہنچانے کی سہولت قائم کرنے کے لیے آسان سرمائے تک رسائی میں مدد مل رہی ہے۔

یہ اسٹارٹ اپ صحت کی دیکھ بھال کے شعبے پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔ ذاتی حفظان صحت کو بہتر بنا کر کمپنی پانی کے بغیر استعمال کی جانے والی مصنوعات اسپتال سے ملنے والے انفیکشن سے مریضوں کو محفوظ رکھ سکتی ہے۔ اس سےاسپتال میں اوسط  قیام کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے پر بوجھ کو  بھی کم کیا جا سکتا ہے۔

پیش ہیں  گپتا سے لیے گئے  انٹرویو کے بعض اقتباسات 

پانی کے بغیر استعمال کی جانے والی حفظان صحت سے متعلق  مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی قائم کرنے کےلیے آپ کو کس چیز نے ترغیب دی؟

پانی کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے جو دور دراز علاقوں، اسپتالوں اور بحران کی صورتحال سمیت دنیا بھر کے بہت سے خطوں کو متاثر کر رہا ہے۔ ہند کے دیہی علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال سے وابستہ پیشہ ور افراد کے ساتھ کام کرنے کے میرے تجربات نے مجھے پانی کی کمی کی وجہ سے روایتی حفظان صحت کے طریقوں کو برقرار رکھنے کے چیلنجوں کو سمجھنے میںمدد کی۔ اس نے مجھے ذاتی دیکھ بھال سے متعلق  جدید اور پائیدار مصنوعات تیار کرنے کی ترغیب دی جو لوگوں کو پانی پر انحصار کیے بغیر حفظان صحت کو برقرار رکھنے کے قابل بنائے گی۔

 کیا آپ اپنی کامیاب ترین مصنوعات میں سے بعض کے نام بتا سکتے ہیں؟ پانی کے بغیر یہ کیسے کام کرتے ہیں؟

 ہماری سب سے زیادہ مقبول مصنوعات میں بعض پانی کے بغیر استعمال کیا جانے والا باڈی باتھ اور شیمپو شامل ہیں۔دونوں ہی   پانی استعمال کیے بغیر موثر صفائی کا کام انجام دیتے ہیں۔ باڈی باتھ  کا نرم جھاگ جلد پر براہ راست لگانے پر گندگی اور بیکٹیریا کو آسانی سے دور کردیتا ہے۔ ہمارا پانی کے بغیر استعمال کیا جانے والا شیمپوبھی اسی طرح کام کرتا ہے۔ یہ تیل  کوجذب کرلیتا ہے اور آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ آپ کے بال صاف اور تازہ ہوگئے ہیں۔ دونوں مصنوعات جِلد  دوست اجزا سے تیار کی گئی ہیں اور استعمال  میں بھی آسان ہیں  جو انہیں اسپتالوں سے لے کر بیرونی مہم جوئی تک مختلف حالات کے لیے مثالی بناتی ہیں۔

پانی کے بغیر استعمال کی جانے والی ہماری مصنوعات کے زمرے کے علاوہ ہماری ’ریڈ ایلو ویرا ‘ اور ’روزمیری‘  مصنوعات  کے سلسلے نے بھی نمایاں توجہ حاصل کی ہے۔ یہ مصنوعات اپنے اجزا کے قدرتی فوائد کے ذریعہ صارفین کو بہتر جلد کی دیکھ بھال اور تندرستی کا حل پیش کرتی ہیں۔

کیا آپ ہمیں نیکسس اسٹارٹ اپ ہب میں اپنی تربیت کے بارے میں بتا سکتے ہیں؟

نیکسس اسٹارٹ اپ ہب میں ملنے والی تربیت نے ہماری کمپنی کے سفرمیں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس نے کاروباری ترقی کے لیے ایک جامع نقطہ نظر فراہم کیا جس میں مارکیٹ ریسرچ اور گاہک کی توثیق سے لے کے مالیاتی نمونے اور پیسےاکٹھا کرنے کی حکمت عملی تک ہر چیز کا احاطہ کیا گیا۔ یہ معلومات ہمارے کاروباری منصوبے کو بہتر بنانے اور بازار میں ہماری مصنوعات کو پیش کرنے میں قابل قدر رہی ہیں۔

اس پروگرام نے مجھے صنعت کے ماہرین، ساتھی کاروباری افراد اور ممکنہ سرمایہ کاروں کے متنوع نیٹ ورک سے منسلک کیا جو شراکت داری، تعاون اور رہنمائی کو محفوظ بنانے میں ضروری خیال کیا جاتا  ہے۔ورکشاپس خاص طور پر فائدہ مند رہیں کیونکہ انہوں نے ہمیں عملی کاروباری چیلنجوں پر نظریاتی علم کے نفاذ اور مناسب حل تیار کرنے کی سہولت فراہم کی۔

نیکسس تربیت کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک تجربہ کار سرپرستوں تک رسائی تھی جن کے ذاتی مشوروں اور آرا سے ہم نے استفادہ کیا۔ ان کی رہنمائی نے رکاوٹوں پر قابو پانے اور ہماری ترقی کو تیزرفتار فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ہمیں اپنی مصنوعات کے ماحول دوست پہلو کے بارے میں بتائیں

پانی کے بغیر استعمال کی جانے والی ہماری مصنوعات پانی کی کھپت کو نمایاں طور پر کم کرتی ہیں۔ ماحول پر اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے اپنے فارمولوں میں ہم لوگ جراثیم وغیرہ کے عمل سے خراب یا تحلیل ہونے والے ماحول دوست اجزا کا استعمال کرتے ہیں۔

ہماری مصنوعات میں وہ نقصان دہ اجزا نہیں ہوتے جواپنے طویل مدتی ضمنی اثرات کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ماحول پر پڑنے والے اثرات کو مزید کم کرنے کے لیے ہم ری سائیکل شدہ پلاسٹک کو پیکیجنگ کےلیے  استعمال کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہماری مصنوعات میں سبز طریقوں کو مربوط کرکے ایسے حل نکالنے کی کوشش کی جاتی ہے  جو انسانوں اور کرہ ارض  دونوں کو فائدہ پہنچائیں۔

آپ کو درپیش سب سے بڑے چیلنج میں سے بعض کیا تھے؟

ہمیں بہت سارے چیلنجوں کا سامنا تھا جن میں ایک ایسی شئےتیار کرنا بھی تھا جو پانی کے بغیر استعمال کیے جانے کے ساتھ ہی روایتی حفظان صحت کی مصنوعات کی تاثیر کو برقرار رکھے۔ اس طرح کی اشیا ء تیار کرنے کے لیے وسیع تحقیق اور ترقی ضروری تھی جو صارفین کے لیے موثر اور محفوظ دونوں ہوں۔

مصنوعات کی بازارکاری خاص طور پر مشکل رہی ہے کیونکہ یہ بہت مہنگی ہو سکتی ہے ۔ ہم مطمئن گاہکوں سے بار بار خریداری پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہماری معروف سرمایہ کار، پرینیتی چوپڑا کے اثر و رسوخ سے ہمیں بہت سارے لوگوں تک پہنچنے اور برانڈ کی شناخت بنانے میں مدد ملی ہے۔

ایک قابل اعتماد سپلائی چین اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک قائم کرنا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اہم تھا کہ ہماری مصنوعات ضرورت مندوں تک پہنچیں۔ اس میں شراکت داری قائم کرنا اور شہری اور دیہی دونوں قسم کے بازارمیں مضبوط موجودگی قائم کرنا شامل تھا۔

کمپنی کے مستقبل کے منصوبے کیا ہیں؟

ہمارا مقصد اپنی مصنوعات  کی تعداد میں اضافہ کرنا اور زیادہ جدید اور ماحول دوست مصنوعات تیار کرنا اور متعارف کروانا ہے۔ ڈیٹا پر مبنی نقطہ نظر ہماری مصنوعات کی ترقی کی رہنمائی کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہم صارفین کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور ترجیحات کی تکمیل کریں۔

بین الاقوامی سطح پر بھی ’کلینسٹا‘   خود کو توسیع دے رہا ہے کیونکہ ہمارا مقصد پانی کی کمی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے والے ہر بازار میں اپنی واٹر لیس ٹیکنا لوجی لانا ہے۔صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ تعاون کے ذریعے ہم پسماندہ طبقات  تک پہنچنے کی  بھی امید کررہے  ہیں۔

ہم صارفین کو معلومات فراہم کرنے اورانہیں مشغول کرنے کے لیے  ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی بھی تلاش کر رہے ہیں۔ ہمارا تصور دنیا بھر میں حفظان صحت کے طریقوں میں مثبت تبدیلی لاتے ہوئے ذاتی نگہداشت کی پائیدارصنعت کی قیادت کرنا ہے۔

بشکریہ اسپَین میگزین، امریکی سفارت خانہ، نئی دہلی