Bharat Express

Maulana Arshad Madani Viral Post: مولانا ارشد مدنی کے نام سے پیغام سوشل میڈیا پر وائرل، مسلمانوں سے کی جارہی اپیل کی کیا ہے حقیقت؟

جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کے نام سے سوشل میڈیا پرایک پیغام وائرل کیا جارہا ہے اور مسلمانوں سے بڑی اپیل کی جا رہی ہے۔ اس میں مس کال سے لے کر بینک اکاؤنٹ خالی ہونے تک کی بات کہی ہے۔

مولانا ارشد مدنی کے نام سے سوشل میڈیا پر ایک فرضی پیغام وائرل کیا جا رہا ہے۔

جمعیۃ علماء ہند کے صدرمولانا سید ارشد مدنی کے نام سے سوشل میڈیا پرایک پیغام وائرل کیا جارہا ہے اورمسلمانوں سے محتاط رہنے کی ایک بڑی اپیل کی جا رہی ہے۔ پیغام میں مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی انجان نمبرسے آںے والے مس کال کا جواب نہ دیں۔ اس پیغام میں مولانا ارشد مدنی کی تصویر بھی لگائی گئی ہے۔ اس میں اپیل کی گئی ہے کہ 22 تاریخ کے دن شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) سے متعلق سپریم کورٹ میں فیصلہ ہے، اس لئے بی جے پی حمایت کے لئے ثبوت جمع کررہی ہے، اس لئے 22 تاریخ تک آپ کے نمبرپرکوئی بھی مس کال انجان نمبرسے آئے تودوبارہ آپ اس پرفون نہ کریں۔

محمد شاداب انہٹوی کے نام سے وائرل ہونے والے پیغام میں 4 موبائل نمبربھی دیئے گئے ہیں، اس میں لکھا گیا ہے کہ اگرآپ کے پاس ان نمبرات میں کسی بھی نمبرسے فون آئے یا آپ کو کوئی ان نمبرات پرفون کرنے کے لئے کہے توآپ بالکل بھی نہ کریں، ورنہ آپ اپنے بینک کی رقم کھودیں گے اوراین آرسی میں شامل ہوجائیں گے۔ اس میں  8866288662, 7766277742, 7272569933، 9977885467 موبائل نمبردرج کئے گئے ہیں اوران نمبرات پرفون نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

دراصل، واٹس اپ پریہ پیغام وائرل ہونے کے بعد جب مولانا ارشد مدنی کے میڈیا سکریٹری مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کرکے حقیقت معلوم کی گئی توانہوں نے اسے پوری طرح سے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے اوراس طرح کا کوئی بھی پیغام جمعیۃ علما ہند یا حضرت مولانا سید ارشد مدنی کی طرف سے جاری نہیں کیا گیا ہے۔ مولانا ارشد مدنی کے نام سے کوئی بھی پیغام نہیں جاری کیا گیا ہے اوراس پرہرگز دھیان نہ دیں۔

عوام سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل

قابل ذکرہے کہ رام مندرپران پرتشٹھا کا انعقاد 22 جنوری کو کیا جا رہا ہے۔ اس میں وزیراعظم نریندر مودی سمیت بی جے پی کے تمام سرکردہ لیڈران شرکت کریں گے۔ حالانکہ کچھ مسلم رہنماؤں کی طرف سے احتیاط برتنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ مسلمانوں سے کہا جا رہا ہے کہ اس دوران ٹرینوں میں طویل سفرکرنے سے گریزکیا جائے اوراگربہت ضروری ہوتوبس کا سفر کریں۔ حالانکہ مولانا ارشد مدنی کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کوخوف زدہ نہیں ہونا چاہئے اوراللہ پربھروسہ کرتے ہوئے روٹین کے مطابق اپنا کام کریں۔

بھارت ایکسپریس۔