زہران ممدانی جیت کے بعد اپنی اہلیہ راما دواجی کے ساتھ
نیویارک/واشنگٹن: امریکی سیاست میں تاریخ رقم کرتے ہوئے بھارتی نژاد زہران ممدانی نے نیویارک سٹی کے میئر کا انتخاب جیت لیا ہے۔ 34 سالہ ممدانی نہ صرف نیویارک کے پہلے مسلم اور بھارتی نژاد میئر بن گئے ہیں بلکہ انہوں نے اس کامیابی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں اور ایلون مسک کی کھلی مخالفت کے باوجود حاصل کیا ہے۔ ٹرمپ نے انتخاب سے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر ”کمیونسٹ امیدوار زہران ممدانی“ جیت گئے تو وہ نیویارک کو وفاقی فنڈنگ سے محروم کر دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی، ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے بھی ممدانی کی پالیسیوں کو ”کاروبار دشمن“ قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف مہم چلائی۔ لیکن عوام نے تمام دباؤ کو نظرانداز کرتے ہوئے انہیں تاریخی مینڈیٹ دیا۔
ابتدائی زندگی اور پس منظر
زہران کوامے ممدانی کا جنم 18 اکتوبر 1991 کو یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں ہوا تھا۔ ان کے والد محمود ممدانی افریقی سیاست اور تاریخ کے ممتاز محقق اور اسکالر ہیں، جبکہ والدہ مشہور بھارتی فلم ساز میرا نائر ہیں، جنہوں نے ”مانسون ویڈنگ“ اور ”دی نیم سیک“ جیسی عالمی شہرت یافتہ فلمیں بنائیں۔ بچپن میں زہران کا خاندان یوگنڈا سے جنوبی افریقہ اور پھر امریکہ منتقل ہو گیا۔ انہوں نے برونکس ہائی اسکول آف سائنس سے تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں بوڈوئن کالج سے گریجویشن کی۔ طالب علمی کے دوران وہ سماجی انصاف کی تحریکوں سے جڑ گئے اور فلسطینی انصاف کے لیے طلبہ تنظیم کے بانی اراکین میں شامل رہے۔
سیاست کا آغاز 2017 میں
ممدانی نے 2017 میں ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکہ میں شمولیت اختیار کی اور نیویارک کی مقامی سیاست میں سرگرم ہوئے۔ 2020 میں انہوں نے کویینز کے 36ویں ضلع سے ڈیموکریٹک پرائمری میں کامیابی حاصل کی اور ریاستی اسمبلی کے رکن بنے۔ بعد ازاں 2022 اور 2024 میں وہ بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ انہوں نے اب تک 20 سے زائد بل اسمبلی میں پیش کیے ہیں جن میں رہائشی بحران، نقل و حمل، تعلیمی مساوات اور ماحولیاتی انصاف جیسے موضوعات شامل ہیں۔ ممدانی نہ صرف روشن خیال ترقی پسند سیاست دان کے طور پر جانے جاتے ہیں بلکہ وہ اچھی ہندی بھی بولتے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے بھارتی نژاد ووٹروں سے جڑنے کے لیے اپنی تقریریں اور سوشل میڈیا مہم ہندی میں بھی چلائی۔
کامیابی کے پیچھے شریکِ حیات راما دواجی کا کردار
زہران ممدانی کی کامیابی کے پیچھے ان کی اہلیہ راما دواجی کا کردار کلیدی رہا۔ 28 سالہ راما ایک باصلاحیت فنکارہ اور ڈیزائنر ہیں جنہوں نے پورے انتخابی کیمپین کی بصری شناخت تخلیق کی۔ انہوں نے مہم کے لیے “میٹروکارڈ ییلو”، “میٹس بلو” اور “فائر ہاؤس ریڈ” جیسے رنگوں کو ملاتے ہوئے ایک منفرد اور جرات مند برانڈ اسٹائل متعارف کرایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر مہم کے لیے مقامی ثقافتی زبان، تصویری ڈیزائن اور ٹائپوگرافی کے ذریعے نوجوانوں کو متاثر کیا۔ ٹیکساس میں پیدا ہونے والی راما نے دبئی اور قطر میں پرورش پائی اور نیویارک کے اسکول آف ویژوئل آرٹس سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ دونوں کی ملاقات 2021 میں ایک ڈیٹنگ ایپ پر ہوئی تھی اور 2024 میں انہوں نے شادی کی۔ تاہم، دبئی میں ہونے والی ان کی شاندار منگنی کی تقریب نے کچھ تنازعات کو جنم دیا کیونکہ ممدانی خود کو ایک “سوشلسٹ” سیاست دان کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
ایک نئی سیاسی علامت
زہران ممدانی کی جیت نہ صرف امریکی سیاست میں اقلیتوں کی شمولیت کی ایک نئی مثال ہے بلکہ نیویارک کے ترقی پسند ووٹروں کی اجتماعی طاقت کی علامت بھی بن گئی ہے۔ انہوں نے جیت کے بعد کہا کہ ”یہ فتح ان تمام نیویارکرز کی ہے جو انصاف، برابری اور انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم نے خوف پر امید کی جیت حاصل کی ہے“۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

