Bharat Express DD Free Dish

Iran-US Tensions: مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکہ کو بنایا نشانہ، کہا-اب مغربی ایشیا میں ’بالادستی‘ پر مبنی موجودگی برقرار نہیں رکھ سکتا ’عظیم شیطان‘

ایرانی سپریم لیڈر نے عراق کے عوام کے نام تحریری پیغام میں کہا ہے کہ خطے میں امریکہ کی بلا روک ٹوک بالادست موجودگی کا تسلسل ایک ’بے وقوفانہ خیال‘ ہے۔ انہوں نے اپنے والد علی خامنہ ای کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا عزم بھی دہرایا۔

تہران: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکہ کو ’عظیم شیطان‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب مغربی ایشیا میں اپنی ’بلا روک ٹوک اور بالادستی پر مبنی موجودگی‘ برقرار رکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ عراق کے عوام کے نام اتوار کو جاری ایک تحریری پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ خطے میں امریکہ کی بالادست موجودگی کا تسلسل اب ایک ’بے وقوفانہ تصور‘ کے سوا کچھ نہیں رہ گیا ہے۔ مجتبیٰ خامنہ ای کو اپنے والد علی خامنہ ای کی 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں ہلاکت کے بعد مارچ میں ان کا جانشین منتخب کیا گیا تھا۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا ’’عظیم شیطان—مجرم امریکہ—اب یہ سمجھ چکا ہے کہ خطے میں اس کی بلا روک ٹوک اور بالادستی پر مبنی موجودگی کو برقرار رکھنا ایک سادہ لوحانہ تصور کے سوا کچھ نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے ایران اور عراق میں اپنے والد کی آخری رسومات کے موقع پر جمع ہونے والے بڑے عوامی اجتماعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات نے بیداری اور فعال شمولیت کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد ’مغرور طاقتوں‘ کی جانب سے تشکیل دیے گئے علاقائی توازن کو تبدیل کرنا ہے۔

ایران اور عراق کے درمیان تعلقات کو کمزور کرنے کی کوششوں کا الزام

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ’عالمی تکبر‘ کے رہنماؤں نے عراق میں عوام کے عظیم الشان اجتماع کے مناظر کو تشویش کے ساتھ دیکھا ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو کمزور کرنے کے لیے بڑی مقدار میں خرچ کیے گئے وسائل مکمل طور پر بے اثر ثابت ہوئے ہیں۔ علی خامنہ ای کی سات روزہ آخری رسومات کا سلسلہ 9 جولائی کو اختتام پذیر ہوا۔ ان کے جنازے اور دیگر عوامی تقریبات ایران اور عراق میں ایک ہفتے تک جاری رہیں، تاہم مجتبیٰ خامنہ ای کسی بھی تقریب میں نظر نہیں آئے۔

والد کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا عزم

رپورٹ کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای 28 فروری کو ہونے والی فضائی بمباری میں زخمی ہوئے تھے، جس میں ان کے والد علی خامنہ ای ہلاک ہوئے۔ جنگ کے آغاز کے بعد سے انہوں نے عوامی سطح پر کوئی بیان یا پیشی نہیں دی، تاہم مختلف رپورٹس میں ان کے زندہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ 11 جولائی کو جاری ایک الگ تحریری پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے ذمہ دار افراد ’پُرامن موت کے خواب کو قبر تک لے کر جائیں گے‘۔ انہوں نے کہا تھا ’’ہم آپ کے پاک خون اور ان دونوں جنگوں کے تمام شہیدوں کے خون کا بدلہ لینے کا عہد کرتے ہیں اور مجرم، شرمناک قاتلوں سے انتقام لیں گے۔‘‘

ایران نے امریکہ پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا

اس سے قبل ہفتے کے روز ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا تھا کہ تہران نے عبوری مفاہمت نامے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل درآمد معطل کر دیا ہے۔ انہوں نے امریکہ پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔ غریب آبادی کے مطابق، امریکہ کی جانب سے ایران پر مسلسل ساتویں رات حملے کیے جانے کے دوران تہران نے یہ فیصلہ کیا۔ ایران نے بھی خلیجی خطے میں موجود امریکی اتحادیوں کو نشانہ بناتے ہوئے جوابی حملے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’امریکہ نے اسلام آباد مفاہمت نامے کے دائرہ کار میں اپنی تمام ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی اور انہیں معطل کر دیا ہے۔ ’’انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے بھی معاہدے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read