نئی دہلی :بالی ووڈ میں ہر سال کئی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں، مگر 90 کی دہائی کی فلموں کا جادو آج بھی قائم ہے۔ اسی دور کی ایک منفرد فلم ہم تمہارے ہیں صنم ہے، اس فلم نے ریلیز کے بعد خوب شہرت حاصل کی، لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ یہ فلم تقریباً 6 سال تک التوا کا شکار رہی۔اس فلم میں شاہ رخ خان، سلمان خان اور مادھوری دکشت جیسے بڑے ستارے مرکزی کرداروں میں نظر آئے۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز 1997 میں ہوا تھا، مگر مختلف وجوہات کی بنا پر اس کی تکمیل اور ریلیز میں طویل تاخیر ہوئی۔ فلم کے ٹائٹل میں تبدیلی، موسیقاروں اور گلوکاروں کی بار بار تبدیلی، اور کئی مناظر میں دوبارہ شوٹنگ اس تاخیر کی بڑی وجوہات بنیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کے کئی حصے 90 کی دہائی کے فیشن اور انداز کے مطابق فلمائے گئے تھے، لیکن جب فلم کی ریلیز قریب آئی تو بدلتے رجحانات کو دیکھتے ہوئے کچھ مناظر اور خاص طور پر مادھوری دکشٹ کے لُکس میں تبدیلیاں کی گئیں۔ اگرچہ تمام مناظر تبدیل نہیں کیے گئے، مگر چند اہم حصوں کو نئے انداز میں پیش کیا گیا تاکہ فلم ناظرین کے لیے زیادہ پرکشش بن سکے۔فلم کی تکمیل میں تینوں بڑے ستاروں کی دوستی اور تعاون نے اہم کردار ادا کیا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ان کی جگہ کوئی اور اداکار ہوتے تو شاید فلم کبھی ریلیز ہی نہ ہو پاتی۔ بالآخر یہ فلم 28 مئی 2002 کو سینما گھروں میں پیش کی گئی اور ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
ایک اور حیران کن حقیقت یہ ہے کہ شاہ رخ خان نے اس فلم کے لیے کوئی معاوضہ وصول نہیں کیا۔ حالانکہ انہیں تقریباً 95 لاکھ روپے فیس دی جانی تھی، لیکن فلم کے بڑھتے ہوئے بجٹ اور تاخیر کو دیکھتے ہوئے انہوں نے پروڈیوسر کے سی بوکاڈیاسے رقم لینے سے انکار کر دیا۔ پروڈیوسر نے بعد میں انکشاف کیا کہ انہوں نے کئی بار شاہ رخ خان کو ادائیگی کی پیشکش کی، مگر اداکار نے اسے قبول نہیں کیا۔یہ فلم نہ صرف اپنی کہانی بلکہ اپنی طویل تیاری اور دلچسپ پس منظر کی وجہ سے بھی آج تک یاد کی جاتی ہے، اور اسے بالی ووڈ کی ان فلموں میں شمار کیا جاتا ہے ،جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود کامیابی حاصل کی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

