بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اور فلم ’ڈان 3‘ سے متعلق جاری تنازعہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں اب فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائیز (FWICE) نے بھی سخت موقف اختیار کر لیا ہے۔اشوک پنڈت نے کہا، ’’فلم انڈسٹری بھروسے کے نظام پر چلتی ہے۔ یہاں جب کوئی پروڈیوسر کسی اداکار کو سائن کرتا ہے تو پوری ٹیم اسی کے مطابق کام شروع کر دیتی ہے۔ فلم کی تیاری، شوٹنگ کی پلاننگ، لوکیشن، تکنیکی ٹیم، سیٹ اور دیگر چیزوں پر کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کسی فلم کی تیاری شروع ہوتی ہے، پروڈیوسر کا سرمایہ لگنا شروع ہو جاتا ہے۔ ایسے میں اگر کوئی اداکار آخری وقت میں فلم چھوڑ دے تو اس کا اثر صرف پروڈیوسر پر نہیں بلکہ سینکڑوں ورکرس اور ٹیکنیشنز پر بھی پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘ڈان 3’ کی تیاریاں کافی آگے بڑھ چکی تھیں۔ شوٹنگ کی منصوبہ بندی مکمل ہو چکی تھی اور یونٹ تقریباً روانہ ہونے والا تھا، لیکن اسی دوران رنویر سنگھ نے اچانک پروجیکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ وجہ کچھ بھی ہو، مگر آخری وقت میں فلم چھوڑ دینا انڈسٹری کے لیے خطرناک رجحان بن سکتا ہے۔
ای میل سے فیڈریشن مطمئن نہیں
اشوک پنڈت نے کہا، ’’جب یہ معاملہ ہمارے پاس آیا تو فیڈریشن نے پہلے اسے پُرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی۔ رنویر سنگھ کو بلا کر ان کا مؤقف جاننے کی کوشش کی گئی۔ فیڈریشن نے انہیں کئی بار نوٹس اور ریمائنڈر بھیجے، لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔ بعد میں جب پریس کانفرنس کا اعلان ہوا تو رنویر کی ٹیم کی جانب سے ایک ای میل بھیجا گیا، جس سے فیڈریشن مطمئن نہیں ہے ۔‘‘
پوری انڈسٹری کے بھروسے اور کام کرنے کے طریقے سے جڑا مسئلہ
انہوں نے کہا، ’’فیڈریشن چاہتی تھی کہ رنویر سنگھ خود سامنے آ کر بات کریں، کیونکہ اتنا بڑا معاملہ صرف مینیجر یا نمائندے کے ذریعے حل نہیں ہو سکتا۔ یہ صرف ایک فلم کا معاملہ نہیں بلکہ پوری انڈسٹری کے بھروسے اور کام کرنے کے طریقے سے جڑا مسئلہ ہے۔ اگر یہ اعتماد ٹوٹنے لگا تو مستقبل میں پروڈیوسرز کسی بڑے اسٹار پر سرمایہ لگانے سے گھبرائیں گے، جس کا اثر پوری انڈسٹری پر پڑ سکتا ہے۔‘‘
رنویر سنگھ کے خلاف نان کوآپریشن ڈائریکٹو جاری
ایف ڈبلیو آئی سی ای نے رنویر سنگھ کے خلاف نان کوآپریشن ڈائریکٹو جاری کیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ فیڈریشن سے وابستہ ممبران، ٹیکنیشنز اور ورکرس فی الحال رنویر سنگھ یا ان کے پروجیکٹس کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے۔ ساتھ ہی پروڈیوسر تنظیموں سے بھی اس معاملے میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔یہ پورا تنازعہ فلم ‘ڈان 3’ سے جڑا ہوا ہے۔ اس فلم کا اعلان سال 2023 میں کیا گیا تھا اور اس میں رنویر سنگھ کو مرکزی کردار کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ پہلے اداکارہ کیارا اڈوانی بھی فلم کا حصہ تھیں، لیکن بعد میں انہوں نے حمل اور بریک کی وجہ سے پروجیکٹ چھوڑ دیا۔ اس کے بعد فلم کی شوٹنگ مسلسل ٹلتی رہی۔رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ اسکرپٹ میں کچھ تبدیلیاں چاہتے تھے، لیکن میکرز اس کے لیے تیار نہیں تھے۔ اسی دوران رنویر نے فلم چھوڑ دی۔ بعد ازاں فرحان اختر اور رتیش سدھوانی کی کمپنی ایکسل انٹرٹینمنٹ نے دعویٰ کیا کہ انہیں تقریباً 45 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس تنازعے کو حل کرنے کے لیے انڈسٹری کے کئی بڑے لوگوں نے کوشش کی۔ یہاں تک کہ عامر خان نے بھی ثالثی کرنے کی کوشش کی، لیکن کوئی حل نہیں نکل سکا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




