چنئی: ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن اتوار کی شام 4 بجے چنئی میں واقع اپنی الوارپیٹ رہائش گاہ پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر اور سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ کانگریس لیڈران کا مقصد پیر کو پارلیمنٹ میں حد بندی بل پیش کیے جانے سے پہلے ڈی ایم کے کو اپنے حمایت کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے راضی کرنا ہے۔
ڈی ایم کے کے حمایت کے اعلان کے بعد کانگریس کی کوشش
کانگریس کا وفد ایسے وقت میں چنئی پہنچا ہے، جب ڈی ایم کے نے ایک روز قبل ہی مرکزی حکومت کے حد بندی بل کی حمایت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لوک سبھا میں ڈی ایم کے کے 22 ارکان پارلیمنٹ ہیں۔ مرکزی حکومت 30 نومبر کو پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں یہ بل دوبارہ پیش کر سکتی ہے۔
اس بات چیت کے لیے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، کیرالہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وی ڈی ستیشن اور ترنمول کانگریس کی لیڈر ممتا بنرجی بھی چنئی پہنچی ہیں۔ سبھی لڈران نے دو الگ الگ پروازوں سے پہنچنے کے بعد ہوائی اڈے سے ہوٹل تک ایک ساتھ سفر کیا۔ ڈی ایم کے کی رکن پارلیمنٹ کنی موزی کے بھی اجلاس سے پہلے نئی دہلی سے چنئی پہنچنے کی توقع ہے۔
’بل میں ڈی ایم کے کے دو اہم مطالبات شامل‘: اسٹالن
ڈی ایم کے کے ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے اسٹالن نے کہا تھا کہ انہیں بل کی ایک کاپی موصول ہوئی تھی اور اس میں پارٹی کے دو اہم مطالبات شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اسے تمل ناڈو کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کے تحفظ کے لیے گزشتہ تین برسوں سے جاری مہم کی کامیابی قرار دیا تھا۔
اسٹالن نے کہا کہ مردم شماری کے اعداد و شمار کا انتخاب ریاستوں کے درمیان لوک سبھا کی نشستوں کی تقسیم پر اثر انداز ہوگا۔ اگر تازہ ترین مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر نشستوں کی دوبارہ تقسیم کی جاتی تو شمالی ہندوستان کی ریاستوں کو زیادہ نشستیں ملتیں اور پارلیمنٹ میں تمل ناڈو کی حصہ داری کم ہو جاتی۔
ڈی ایم کے کا 1971 کی مردم شماری کو بنیاد بنانے کا مطالبہ
ڈی ایم کے نے نشستوں کی تقسیم کے لیے 1971 کی مردم شماری کو بنیاد برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسٹالن نے کہا تھا کہ پارٹی نے تمل ناڈو کے مفادات کو نقصان پہنچانے والی تبدیلی کو روکنے کے لیے مداخلت کی اور اب بل اس کی توقعات کے مطابق ہے۔
ادینیدھی اسٹالن نے کہا، کانگریس لیڈران کا خیرمقدم
اجلاس سے پہلے چنئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تمل ناڈو اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ادینیدھی اسٹالن نے کہا کہ کانگریس لیڈران کا اپنا موقف پیش کرنے کے لیے خیرمقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کے سلسلے میں پارٹی کا موقف ڈی ایم کے صدر ہی طے کریں گے۔ ادینیدھی نے کہا کہ حد بندی کا معاملہ قومی سطح پر سب سے پہلے ڈی ایم کے نے اٹھایا تھا اور پارٹی صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کرے گی۔ ان کے مطابق، تمل ناڈو کے حقوق کا تحفظ ہی پارٹی کے فیصلے کی رہنمائی کرے گا۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

