Bharat Express DD Free Dish

Lucknow Crime: شادی سے انکار پر رشتہ دار نے نوجوان لڑکی پر پھینکا تیزاب، ماں پر چاقو سے پے در پے کیا وار

ڈی سی پی سینٹرل ارپت وجے ورگیہ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں شادی کے معاملے پر تنازع سامنے آیا ہے۔ ملزم نے لڑکی پر تیزاب پھینکنے کے ساتھ ہی خاندان کے افراد پر چاقو سے بھی حملہ کیا۔ تمام زخمیوں کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔

لکھنؤ: اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے حسین گنج تھانہ علاقے کے ادے گنج میں اتوار کی علی الصبح شادی سے انکار پر ایک نوجوان نے خوفناک واردات انجام دی۔ ملزم نے اپنے رشتہ دار کے گھر میں گھس کر اس کی 18 سالہ بیٹی کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔ لڑکی کی چیخ و پکار سن کر اسے بچانے پہنچنے والے خاندان کے دیگر افراد پر بھی اس نے تیزاب سے حملہ کیا۔ مخالفت کرنے پر لڑکی کی ماں پر چاقو سے پے در پے کئی وار کر دیے۔ اس حملے میں لڑکی سمیت خاندان کے تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو) کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔

شادی کی ضد پر گھر میں گھس کر کیا حملہ

پولیس کے مطابق، یہ واقعہ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے تین سے چار بجے کے درمیان پیش آیا۔ ملزم کی شناخت توصیف عرف منا (25) کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کا رشتہ دار ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، ملزم لڑکی سے شادی کرنے کی ضد کر رہا تھا۔ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کی مخالفت کے بعد اس نے اس واردات کو انجام دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم علی الصبح گھر میں داخل ہوا اور لڑکی پر تیزاب پھینک دیا۔ اس کی چیخ سن کر جب خاندان کے افراد اسے بچانے پہنچے تو ملزم نے ان پر بھی حملہ کر دیا۔ اسی دوران اس نے لڑکی کی ماں پر چاقو سے کئی وار کیے۔ حملے میں ماں اور بیٹی سمیت خاندان کے تین افراد زخمی ہو گئے۔

مقامی لوگوں نے ملزم کو پکڑ کر پیٹا

واقعے کے بعد چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی لوگوں نے ملزم کو پکڑ لیا اور اس کی پٹائی کر دی۔ اس دوران ملزم کو بھی چوٹیں آئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے سینئر افسران پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر پہنچایا۔ پولیس نے ملزم کو بھی حراست میں لے کر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا ہے۔

بی این ایس کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

ڈی سی پی سینٹرل ارپت وجے ورگیہ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں شادی کے معاملے پر تنازع سامنے آیا ہے۔ ملزم نے لڑکی پر تیزاب پھینکنے کے ساتھ ہی خاندان کے افراد پر چاقو سے بھی حملہ کیا۔ تمام زخمیوں کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ اس معاملے میں حسین گنج تھانے میں مقدمہ نمبر 0192/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 124(1) اور 109(1) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ معاملے کی تفتیش اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read