نئی دہلی: دہلی کے رام لیلا میدان میں اتوار کے روز انڈیا بلاک کی جانب سے ’دیش بچاؤ مہاریلی‘ کا انعقاد کیا گیا۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی قیادت میں منعقدہ اس ریلی میں ملک بھر کی اہم اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کیا اور اپوزیشن کے اتحاد پر زور دیا۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر جمہوریت کی حفاظت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا، ‘‘وہ ہم سے کہتے ہیں کہ گھروں سے باہر نہ نکلو، انہوں نے ہمیں نظر بند کیا۔ میں کہتی ہوں کہ جو لڑتے ہیں، وہ زندگی جیتے ہیں۔ جو ڈرتے ہیں، وہ مرتے ہیں۔ جو کافر ہیں، وہ ہر روز ڈرتے ہیں۔ آنے والے وقت کا نعرہ ہے، ہندوستان بچاؤ، جمہوریت بچاؤ۔ سبھی کو مل کر بی جے پی کے خلاف لڑنا چاہیے۔‘‘
ایس آئی آر کو لے کر مرکزی حکومت پر تنقید
ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال ایس آئی آر سے متاثر ہونے والی ریاست رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم جان دے دیں گے، لیکن لڑیں گے۔ ہمارے بنگال میں لوٹ ہوئی، لیکن اب دہلی میں لوٹ نہیں ہونے دیں گے۔ ہم جمہوریت کو بچائیں گے۔ بی جے پی کے لیے ایس آئی آر کا مطلب ‘اسپیشل انٹینسیو ریلیف‘ ہے۔‘‘
الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت پر بھی نشانہ
ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ‘‘حکومت نے ای وی ایم، جمہوریت، آئین اور لوگوں کے حقوق کو لوٹا ہے۔ گیانیش کمار نے بنگال میں ایک فیصد ووٹ نکال دیے۔ ہم ہارے نہیں، بلکہ ہمیں ہرایا گیا ہے۔ اس کا بدلہ ہم سیاست کے ذریعے لیں گے۔ ہم جمہوری طریقے سے لڑیں گے۔ حکومت نے روزگار، زندگی اور ماؤں بہنوں کے احترام کو لوٹا ہے۔ انتخابات کو ہائی جیک کیا گیا ہے۔‘‘
‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے نعرے پر طنز
ممتا بنرجی نے بی جے پی کے نعرے پر طنز کرتے ہوئے کہا، ‘‘وہ کہتے تھے سب کا ساتھ، سب کا وکاس، لیکن اب ان کا نعرہ ہو گیا ہے کہ بی جے پی کا ساتھ اور سب کا وِناش۔ انہوں نے مندر میں لوٹ کی۔ رام جنم بھومی کے چڑھاوے میں لوٹ کی۔ بنگال میں مندروں کے پیسوں کی لوٹ ہوئی۔ وقف املاک کو لوٹا گیا۔ وہ پولیس سے اپنی پارٹی کا کام کرواتے ہیں۔ بی جے پی کا کوئی تنظیمی ڈھانچہ نہیں ہے۔ بی جے پی کا جانا طے ہے۔‘‘
جمہوریت کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانے کی اپیل
ریلی کے اختتام پر ممتا بنرجی نے ملک کے نوجوانوں اور جنریشن زی (جین زی) طبقے سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر جمہوریت کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائیں۔ اپنی تقریر کے دوران ممتا بنرجی نے بی جے پی اور گیانیش کمار پر طنز کرتے ہوئے ‘گیانیش، گیانیش، یس پاپا۔۔۔‘ نظم بھی سنائی۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



