Bharat Express DD Free Dish

انسٹاگرام پر آئیں سونیا گاندھی، خودنوشت ’Belonging: A Journey of Love‘ کی پہلی جھلک پیش—انہوں نے کیا لکھا ؟

کانگریس کی سینئر لیڈر نے انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا، 10 نومبر کو جاری ہوگی خودنوشت، کتاب میں بچپن سے لے کر راجیو گاندھی سے ملاقات، خاندانی سانحات اور سیاسی سفر تک کے کئی اہم پہلوؤں کا ہوگا ذکر۔

کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی نے بالآخر سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔ کم بولنے اور اپنی نجی زندگی کو عوامی نظروں سے دور رکھنے والی سونیا گاندھی نے پہلی بار انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا ہے۔ انہوں نے اس نئے سفر کی شروعات اپنی آنے والی خودنوشت ’Belonging: A Journey of Love‘ کی پہلی جھلک پیش کرتے ہوئے کی۔ یہ کتاب 10 نومبر کو جاری کی جائے گی، جس کا قارئین کو بے صبری سے انتظار ہے۔

ویڈیو میں بیٹی پرینکا گاندھی بھی نظر آئیں

سونیا گاندھی نے انسٹاگرام پر جو ویڈیو شیئر کیا ہے، اس میں وہ اپنے قریبی لوگوں اور بیٹی پرینکا گاندھی کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔ ویڈیو میں ایک خوبصورت لمحہ بھی دکھائی دیتا ہے، جب پرینکا گاندھی اپنی والدہ سونیا کو پیار سے مٹھائی کھلاتی ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ سونیا گاندھی نے لکھا، ’’سبھی کو نمسکار! آپ سب کے ساتھ اس لمحے کو شیئر کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ یہ محبت، فرض، نقصان اور اپنائیت کی تلاش کی کہانی ہے۔‘‘

کیمبرج کی محبت کی کہانی سے سیاسی سفر تک

سونیا گاندھی کی یہ کتاب محض سیاسی یادداشتوں کا مجموعہ نہیں ہے، بلکہ اس میں ان کی نجی زندگی کے کئی ایسے پہلو بھی سامنے آئیں گے، جن سے عام لوگ زیادہ واقف نہیں ہیں۔ خودنوشت کا آغاز اٹلی کے علاقے وینیٹو میں ان کے بچپن کے دنوں سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد کتاب میں کیمبرج جانے اور 1965 میں ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے پوتے راجیو گاندھی سے پہلی ملاقات کا ذکر کیا گیا ہے۔ کتاب میں نہرو گاندھی خاندان میں شادی کے بعد ان کے تجربات اور ہندوستانی تہذیب و ثقافت کو اپنانے کی جدوجہد کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔ اس میں ساڑی پہننے، ہندی سیکھنے اور ہندوستانی کھانوں کے مطابق خود کو ڈھالنے جیسے تجربات شامل ہیں۔

خاندان کے سانحات اور زندگی کے مشکل دور کا بھی ذکر

سونیا گاندھی کی خودنوشت میں نہرو گاندھی خاندان پر ٹوٹنے والے بڑے سانحات کا بھی ذکر ہے، جنہوں نے اس خاندان کی زندگی بدل کر رکھ دی۔ ان میں سنجے گاندھی کی طیارہ حادثے میں موت، 1984 میں اندرا گاندھی کا قتل اور 1991 میں راجیو گاندھی کی موت جیسے واقعات شامل ہیں۔ راجیو گاندھی کی موت کے بعد سونیا گاندھی طویل عرصے تک سیاست سے دور رہیں، لیکن بعد میں انہوں نے کانگریس کی قیادت سنبھالی۔ کتاب میں 2004 کے عام انتخابات میں متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی جیت کے بعد وزیر اعظم کا عہدہ قبول نہ کرنے اور منموہن سنگھ کو وزیر اعظم بنانے کے ان کے فیصلے کا بھی ذکر ہوگا۔ 10 نومبر کو جاری ہونے والی یہ خودنوشت سونیا گاندھی کی ذاتی زندگی، خاندانی تجربات اور سیاسی سفر کو سمجھنے کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read