Bharat Express DD Free Dish

Jaanta Raja: چھترپتی شیواجی کے نعروں سے گونج اٹھا دہلی-این سی آر، غازی آباد میں عظیم الشان ڈرامہ ’جاناتا راجا‘ کا آغاز

سن سٹی میں 28 اکتوبر تک جاری رہے گا چھترپتی شیواجی مہاراج کی زندگی پر مبنی عظیم الشان ڈرامے کا انعقاد، ہاتھیوں، گھوڑوں اور فنکاروں کی شاندار پیش کش نے 16ویں صدی کا ماحول زندہ کردیا۔

غازی آباد کے سن سٹی میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی زندگی پر مبنی دنیا کے سب سے بڑے عظیم الشان ڈرامے ’جاناتا راجا‘ کا شاندار آغاز ہوگیا ہے۔ مہاراشٹر سے آئے فنکاروں نے جیسے ہی ’’جے جے جے بھوانی، جے شیواجی‘‘ کا نعرہ بلند کیا، سن سٹی کا وسیع میدان جوش و جذبے سے گونج اٹھا۔

پروگرام کا آغاز مراٹھی میں بھگوان گنیش کی پوجا اور ’’جے دیو، جے دیو، جے منگلمورتی‘‘ کی پرارتھنا سے ہوا۔ ’جاناتا راجا‘ کی پیش کش میں ہاتھیوں، گھوڑوں اور فنکاروں کی شاندار اداکاری نے ناظرین کے سامنے 16ویں صدی کے ماحول کو زندہ کردیا۔ جب ماں جیجا بائی نے ماں تلجا بھوانی کی عبادت کرتے ہوئے مغل سلطنت سے نجات کی دعا کی تو وہاں موجود ناظرین جذباتی ہوگئے۔

آچاریہ سومیشورانند، کلراج مشرا اور رام لال نے کیا افتتاح

پروگرام کا افتتاح اگنی اکھاڑے کے سکریٹری آچاریہ سومیشورانند جی مہاراج، سابق گورنر کلراج مشرا اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے رابطہ سربراہ رام لال نے کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رام لال نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے دنیا کی روحانی اور ثقافتی روایات کا علم بردار رہا ہے۔ سناتن ثقافت سب کو ساتھ لے کر چلنے اور خدمت کے جذبے پر مبنی ہے۔ دیویہ پریم سیوا مشن اسی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن کے صدر ڈاکٹر آشیش گوتم نے لوگوں کے دلوں میں خدمت کا جذبہ پیدا کرکے نوجوان نسل کو راستہ دکھانے کا کام کیا ہے۔

سابق گورنر ڈاکٹر کلراج مشرا نے کہا کہ مادروطن سے محبت کا جذبہ بیدار کرنے کے مقصد سے دہلی-این سی آر میں ’جاناتا راجا‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس کے لیے دیویہ پریم سیوا مشن اور ڈاکٹر آشیش گوتم مبارک باد کے مستحق ہیں۔

28 اکتوبر تک جاری رہے گا پروگرام

22 سے 28 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سمیت کئی ریاستوں کے گورنر، اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی شرکت کریں گے۔

سن سٹی میں اس وقت سمَرتھ گرو رام داس، ماں تلجا بھوانی، ماں جیجا بائی اور چھترپتی شیواجی مہاراج کے نعروں کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

نوجوان نسل کو شیواجی مہاراج کے اصولوں سے روشناس کرانا ضروری: ڈاکٹر آشیش گوتم

دیویہ پریم سیوا مشن کے صدر ڈاکٹر آشیش گوتم نے کہا کہ موجودہ حالات میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے اصولوں کو عام لوگوں، بالخصوص نوجوان نسل تک پہنچانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جس طرح کا زہریلا ماحول پیدا ہورہا ہے، ایسے حالات میں شیواجی مہاراج کی زندگی اور ان کے اخلاق نوجوانوں کو صحیح سمت دکھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کو شیواجی مہاراج، ماں جیجا بائی اور سمَرتھ گرو رام داس کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی ترغیب دیں۔

ہزاروں نوجوانوں اور اسکولی بچوں نے شرکت کی

’جاناتا راجا‘ کی افتتاحی تقریب میں دہلی-این سی آر کے ہزاروں نوجوان لڑکے لڑکیوں، اسکولی بچوں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔ سینئر صحافی دیپک چورسیا بھی پہلے ہی دن اپنے اہل خانہ کے ساتھ یہ عظیم الشان ڈرامہ دیکھنے پہنچے۔

تقریب میں غازی آباد کے بی جے پی عظیم شہری صدر میینک گوئل، بی جے پی کے رکن اسمبلی نند کشور گوجر، دیویہ پریم سیوا مشن کے قومی کنوینر سنجے چترویدی سمیت سماج کی کئی معروف اور معزز شخصیات موجود رہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

    Tags:

Also Read