نئی دہلی: حد بندی ترمیمی بل کو لے کر مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھڑگے کو خط لکھا ہے۔ اس خط میں انہوں نے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے لیے حکومت کی جانب سے کی گئی کوششوں کی تفصیلات پیش کی ہیں۔ رجیجو نے کھڑگے کو لکھے خط میں کہا کہ 16 اکتوبر 2026 کو آپ نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ پارلیمنٹ میں ’حد بندی سے متعلق آئینی ترمیم‘ پر غور کرنے سے پہلے کل جماعتی میٹنگ بلائی جائے۔ میں اس موضوع پر کچھ باتیں واضح کرنے اور اپوزیشن سے بات چیت کے لیے حکومت کی جانب سے کی گئی کوششوں کی تفصیلات ریکارڈ پر لانے کے لیے یہ خط لکھ رہا ہوں۔
غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی اجلاس کے بعد التوا پر وضاحت
کرن رجیجو نے کہا کہ پہلی بات، آپ نے کہا ہے کہ 13 اگست 2026 کو ایوان کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے کے بعد 64 دن گزر چکے ہیں، لیکن ایوان کا سیشن ختم نہیں کیا گیا۔ اس سلسلے میں میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آئین میں ایسی کوئی پابندی نہیں ہے جو یہ طے کرتی ہو کہ ایوان کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے کے بعد کتنے وقت کے اندر سیشن ختم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اس بنیاد پر کہ اس دوران ایوان کا سیشن ختم نہیں کیا گیا، اسے کوئی آئینی یا طریقہ کار کی بے ضابطگی یا نامناسب عمل نہیں کہا جا سکتا۔ ماضی میں ایسی کئی مثالیں موجود ہیں، جب ایوان کا سیشن ختم نہیں کیا گیا اور وہ طویل عرصے تک، یہاں تک کہ 87 دن تک، بغیر سیشن ختم کیے رہا۔ سال 2008 میں لوک سبھا کا اجلاس 21 اور 22 جولائی کو اعتماد کی تحریک کے لیے ہوا تھا۔ اس کے بعد ایوان کا سیشن ختم نہیں کیا گیا۔ پھر 17 اکتوبر 2008 کو ایوان کا اجلاس دوبارہ بلایا گیا اور 24 اکتوبر کو اسے ملتوی کر دیا گیا، تاکہ اگلا اجلاس 10 دسمبر کو ہو سکے۔ اس کے علاوہ 1987 میں 76 دن، 1989 میں 54 دن، 2006 میں 49 دن، 2013 میں 49 دن اور 1963 میں 41 دن تک ایوان کا سیشن ختم نہ کیے جانے کی مثالیں بھی موجود ہیں۔
حکومت نے کئی بار کانگریس سے تعاون مانگا: رجیجو
کیرن رجیجو نے کہا کہ دوسری بات، حکومت نے حد بندی ترمیمی بل پر غور کرنے اور اسے منظور کرانے کے لیے مسلسل اپوزیشن کی حمایت اور تعاون مانگا ہے۔ اہم اپوزیشن پارٹی ہونے کے ناطے حکومت نے کئی مواقع پر کانگریس سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میں نے آپ کو 16 مارچ 2026، 26 مارچ 2026 اور 12 اپریل 2026 کو خطوط لکھے تھے۔ ان تحریری پیغامات کے علاوہ میں نے ذاتی طور پر بھی آپ سے اس موضوع پر بات کی اور حمایت و تعاون کی درخواست کی تھی۔ رجیجو کے مطابق، مانسون اجلاس کے دوران انہوں نے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی سے بھی ذاتی طور پر ملاقات کرکے اس موضوع پر بات چیت کی اور ان سے تعاون مانگا۔ تاہم بار بار درخواست کے باوجود کانگریس نے بات چیت کے لیے کوئی تاریخ نہیں دی، جس کے بعد حکومت نے دیگر سیاسی پارٹیوں سے رابطہ کیا۔
کئی سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے مشاورت
مجوزہ قانون کی حمایت میں بات چیت آگے بڑھانے اور وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے کے مقصد سے ڈی ایم کے، سماج وادی پارٹی، وائی ایس آر سی پی، این سی پی، شیوسینا (یو بی ٹی)، اے آئی ایم آئی ایم اور بی جے ڈی سمیت کئی پارٹیوں کے نمائندوں سے مشاورت کی گئی۔ رجیجو نے سوال اٹھایا کہ جب حکومت پہلے ہی بات چیت کے لیے مسلسل کوششیں کر چکی ہے تو بار بار مشاورت کا مطالبہ کیوں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن سے تعمیری تعاون کی ضرورت ہے، نہ کہ پہلے ہو چکی مشاورت کو نظر انداز کرکے بار بار وہی مطالبہ دہرانے کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں مشاورت کرنے اور پارلیمنٹ میں تعمیری انداز میں شامل ہونے کے حکومت کے پختہ عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔ میں ایک بار پھر واضح کرتا ہوں کہ حکومت پارلیمانی جمہوریت کے بنیادی اصولوں اور پارلیمنٹ کے مؤثر کام کاج کے ذریعے بامعنی بات چیت کو فروغ دینے کے لیے پابند عہد ہے۔ کرن رجیجو نے کہا کہ قومی اہمیت کے تمام معاملات پر ہونے والی بحث میں ہم تمام سیاسی پارٹیوں کی شرکت کو اہمیت دیتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ کانگریس پارٹی بھی تعمیری کردار ادا کرے گی اور مستقبل میں پیش کیے جانے والے اہم قوانین کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




