نئی دہلی : تریپورہ پولیس ہیڈکوارٹر سے ایک چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے، جہاں ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) انوراگ دھنکڑ اپنے دفتر میں مردہ پائے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ معاملہ مبینہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، قابل ذکر بات یہ ہےکہ پولیس نے ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس محکمہ، انتظامی حلقوں اور ریاستی حکومت میں ہلچل مچ گئی ہے، جب کہ اعلیٰ افسران نے فوری طور پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔اطلاعات کے مطابق انوراگ دھنکڑ دفتر میں موجود تھے ،جب یہ واقعہ پیش آیا۔ انہیں زخمی حالت میں فوری طور پر اگرتلہ کے گووند بلبھ پنت اسپتال لے جایا گیا، مگر ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران اور دیگر متعلقہ حکام اسپتال اور پولیس ہیڈکوارٹر پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انوراگ دھنکڑ نے اپنی سرکاری سروس پستول سے خود کو گولی ماری۔ اگرچہ ابتدائی شواہد اسی جانب اشارہ کرتے ہیں، لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی نتیجہ تفتیش اور فارنزک جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔انوراگ دھنکڑ کا تعلق اتر پردیش کے ضلع باغپت سے تھا۔ وہ 1994 بیچ کے انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسر تھے اور طویل عرصے تک مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے۔ انہیں ایک تجربہ کار، نظم و ضبط کے پابند اور پیشہ ور پولیس افسر کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ان کی اچانک موت نے پولیس فورس اور ان کے ساتھی افسران کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔انوراگ دھنکڑ نے سال 2025 میں تریپورہ کے ڈی جی پی کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اپنی تعیناتی کے دوران انہوں نے ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے اور پولیس نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے تھے۔ ان کی قیادت میں پولیس نے کئی اہم کارروائیاں بھی انجام دی تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انہوں نے یہ انتہائی قدم کن وجوہات کی بنا پر اٹھایا۔ واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور فارنزک ماہرین کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ اس دوران ریاست بھر میں اس افسوسناک واقعے پر غم اور حیرت کی فضا قائم ہے، جبکہ پولیس محکمہ نے عوام سے قیاس آرائیوں سے گریز کرنے اور سرکاری معلومات کا انتظار کرنے کی اپیل کی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

