واشنگٹن: بھارتی نژاد امریکی رکن کانگریس تھانیدار نے وزیراعظم نریندر مودی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک نہایت کرشماتی رہنما قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں بھارت نے جس رفتار سے ترقی کی ہے، اسے امریکہ میں بھی تسلیم کیا جانا چاہیے اور اس کا احترام ہونا چاہیے۔ آئی اے این ایس کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں مشی گن سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس تھانیڈار نے وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ اور وزیراعظم مودی کے درمیان نہایت خوشگوار تعلقات ہیں اور مودی ایک ایسے رہنما ہیں جو مختلف عالمی شخصیات کے ساتھ مضبوط روابط قائم رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’مودی جی بے حد کرشماتی رہنما ہیں اور ان کے سبھی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔‘‘
مودی کے امریکی دوروں اور ملاقاتوں کا ذکر
تھانیدار نے نیویارک، ہیوسٹن اور واشنگٹن ڈی سی کے دوروں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہر موقع پر وزیراعظم مودی کا امریکہ میں شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب جو بائیڈن امریکہ کے صدر تھے اور وزیراعظم مودی سرکاری دورے پر واشنگٹن آئے تھے تو ان کے اعزاز میں اسٹیٹ ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی موقع پر ان کی وزیراعظم مودی سے طویل گفتگو ہوئی، جس میں مودی نے ان سے درخواست کی کہ وہ امریکی اراکینِ کانگریس کو بھارت کی ترقی اور تنوع کے بارے میں بہتر انداز میں آگاہ کریں۔ تھانیدار کے مطابق وزیراعظم مودی نے ان سے کہا تھا کہ امریکی قانون سازوں کو بھارت لا کر دکھایا جائے کہ ملک کس طرح مختلف زبانوں، ثقافتوں اور روایات کے باوجود متحد ہے اور مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل امریکی اراکینِ کانگریس کے ایک وفد کو بھارت لے جا چکے ہیں اور اب ریپبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں جماعتوں کے ارکان پر مشتمل ایک اور وفد کے دورۂ بھارت کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
بھارت جلد بنے گا تیسری بڑی معیشت
تھانیدار نے کہا کہ اس وفد کا مقصد امریکی قانون سازوں کو یہ دکھانا ہے کہ گزشتہ دس برسوں میں بھارت نے کس طرح ترقی کی ہے، غریب عوام کی زندگی میں کس طرح بہتری آئی ہے اور ملک دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن چکا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ چند برسوں میں بھارت دنیا کی تیسری بڑی معیشت بن جائے گا اور یہ ایک قابل فخر کامیابی ہوگی۔ بھارت اور امریکہ کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے تھانیدار نے کہا کہ دونوں جمہوری ممالک کو چین کی بڑھتی ہوئی چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا ’’وزیراعظم مودی کے ساتھ میرے بہت اچھے تعلقات ہیں اور میں ان کی درازیٔ عمر کی دعا کرتا ہوں۔ میں بھارت اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کام کرتا رہوں گا۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

