Bharat Express DD Free Dish

اردواکادمی، دہلی کا ’’سمرکیمپ‘‘ اور’’اردو تھیٹرورکشاپ‘‘ کامیابی کے ساتھ جاری، نئی نسل کی پوشیدہ صلاحیتوں کونکھارنے کی کامیاب کوشش

سمر کیمپ 2026 میں تقریباً 230 طلبا روزانہ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کررہے ہیں۔ طلبا کی تعلیمی، ذہنی اورتخلیقی صلاحیتوں کوبہتراندازمیں پروان چڑھانے کے لیے انھیں دو زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے: سینئر زمرہ (نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک) اورجونیئر زمرہ (چوتھی جماعت سے آٹھویں جماعت تک)۔ سمرکیمپ میں طلبا کے لئے تعلیمی، تربیتی، اخلاقی اور تخلیقی سرگرمیوں کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے، جن کے ذریعہ بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان میں اعتماد، نظم وضبط اور عملی مہارت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نئی دہلی: اردواکادمی، دہلی کے زیرِاہتمام اورمحکمہ فن، ثقافت والسنہ، حکومتِ دہلی کے خصوصی تعاون سے 14 مئی تا 2 جون 2026 جاری ’’سمرکیمپ‘‘ میں چوتھی جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلبا کومختلف ادبی، ثقافتی اورتخلیقی شعبوں میں ماہرینِ فن کی نگرانی میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اردواکادمی، دہلی اس بامعنی اورمفید پروگرام کے انعقاد میں محکمہ فن، ثقافت و السنہ، حکومتِ دہلی کے بھرپورتعاون اورسرپرستی پرتہہِ دل سے اظہارِتشکرکرتی ہے۔ اس سمرکیمپ کا مقصد نئی نسل میں اردوزبان وادب سے دلچسپی پیدا کرنا، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اورانہیں مثبت وتعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔

سمرکیمپ میں خطاطی، غزل گائیکی، پینٹنگ، شخصیت سازی، اردوزبان دانی اورداستان گوئی جیسے اہم اوردلچسپ موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔ ان تمام شعبوں میں تجربہ کاراساتذہ اور ماہرینِ فن طلبا کوعملی اورنظری تربیت فراہم کررہے ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کومؤثراندازمیں نکھارا جا سکے۔ اس سمرکیمپ کوطلبا، والدین اوراردوسے دلچسپی رکھنے والے حلقوں کی جانب سے بھرپورپذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ کیمپ میں شریک بچے نہ صرف اردوزبان سیکھ رہے ہیں بلکہ فنونِ لطیفہ اورشخصیت سازی کے ذریعے اپنی تخلیقی، ذہنی اوراظہارِخیال کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کررہے ہیں۔ ایسے پروگراموں کے انعقاد کا بنیادی مقصد نئی نسل کواردوتہذیب و ثقافت سے جوڑنا اوران میں اعتماد، اظہاراورفنّی شعورپیدا کرنا ہے۔
اس سال سمرکیمپ میں تقریباً 230 طلبا روزانہ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کررہے ہیں۔ طلبا کی تعلیمی، ذہنی اورتخلیقی صلاحیتوں کوبہتراندازمیں پروان چڑھانے کے لیے انھیں دوزمروں میں تقسیم کیا گیا ہے: سینئرزمرہ (نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک) اورجونیئرزمرہ (چوتھی جماعت سے آٹھویں جماعت تک)۔ سمرکیمپ میں طلبا کے لیے تعلیمی، تربیتی، اخلاقی اورتخلیقی سرگرمیوں کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے، جن کے ذریعہ بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کواجاگرکرنے اوران میں اعتماد، نظم وضبط اورعملی مہارت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اکادمی کی جانب سے طلبا کومعیاری ریفریشمنٹ فراہم کی جا رہی ہے جبکہ پینٹنگ اورخطاطی کے لیے ضروری سامان بھی مفت مہیا کیا جا رہا ہے۔ سمرکیمپ کے اختتام پر شرکا کواسناد تقسیم کی جائیں گی۔


آج بچوں اوروالدین کی دلچسپی کے لیے قوالی کا ایک خصوصی پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جس میں دہلی گھرانے کے معروف قوال عبدالحمید نے بچوں کی فرمائش پراُن کی پسندیدہ قوالیاں پیش کرکے سامعین سے خوب داد وصول کی۔ بعد ازاں سمرکیمپ میں غزل گائیکی کی تربیت حاصل کرنے والے طلبا وطالبات فوزیہ، احتشام، تسمیہ، عبدالصمد، فلک، توحید، فائقہ، زینب الویہ، مریم اوراسد نے اپنی سریلی آوازاورپُراعتماد اندازمیں غزلیں پیش کرکے حاضرین کوبے حد متاثرکیا۔ واضح رہے کہ صرف ایک ہفتے کی مختصرتربیت کے بعد بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔ بچوں کوغزل گائیکی کی تربیت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے موسیقی کے استاد ذیشان ضمیردے رہے ہیں۔
سمرکیمپ کے علاوہ اردواکادمی، دہلی یکم جون سے 24 جون 2026 تک ’’اردوتھیٹرورکشاپ‘‘ کا انعقاد کریسنٹ اسکول، موجپور اوراردواکادمی، کشمیری گیٹ، دہلی میں کر رہی ہے۔ اس ورکشاپ میں ماہرینِ ڈراما طلبا کو فنِ اداکاری، اسٹیج پرفارمنس اورڈرامے کی باریکیوں سے روشناس کرائیں گے۔ ورکشاپ کے دوران طلبا کی عملی تربیت کے لیے ان سے ایک ایک ڈراما بھی تیارکرایا جائے گا، جنھیں 23 اور24 جون کوسری رام سینٹر، منڈی ہاؤس، نئی دہلی میں اسٹیج کیا جائے گا۔ والدین اورسرپرست حضرات سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کی ’’اردو تھیٹرورکشاپ‘‘ میں زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کروائیں تاکہ بچے فنِ اداکاری، اسٹیج پرفارمنس اورتخلیقی صلاحیتوں کونکھارنے کا موقع حاصل کرسکیں اورمثبت وتعمیری سرگرمیوں سے وابستہ ہوسکیں۔

 بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read