Bharat Express

IPL 2023: کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو جھٹکا، آئی پی ایل کو بیچ میں چھوڑ کر ملک لوٹا غیر ملکی کرکٹر، اب نہیں ہوگی واپسی

کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے اس وکٹ کیپر کو موجودہ سیزن میں صرف ایک میچ میں موقع دیا تھا۔ دہلی کیپٹلس کے خلاف وکٹ کیپر لٹن داس کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی۔ انہوں نے وکٹ کے پیچھے اسٹمپنگ کے دو مواقع گنوائے۔ اب آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں ان کی واپسی مشکل ہے۔

کے کے آر کے کرکٹر لٹن داس آئی پی ایل چھوڑ کر اپنے وطن لوٹ گئے ہیں۔

آئی پی ایل کی 2 بار کی چمپئن کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو گجرات ٹائٹنس کے خلاف مقابلے سے پہلے زبردست جھٹکا لگا ہے۔ بنگلہ دیش کے تجربہ کار وکٹ کیپرلٹن داس گھریلوطبی مسائل کی وجہ سے گھر واپس لوٹ گئے ہیں اور اب ان کے کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر)  کی طرف سے انڈین پریمیئر لیگ (کے کے آر) کے آئندہ میچوں میں دستیاب ہونے کی امید بے حد کم ہے۔ ایسا اس لئے کیونکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے انہیں 4 مئی تک کوئی اعتراض سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا تھا۔

 کے کے آر کی ٹیم کے ایک افسر نے کہا، ’ان کی فیملی میں کسی میڈیکل ایمرجنسی کا معاملہ ہے، جس کے سبب وہ آج صبح ڈھاکہ روانہ ہوگئے ہیں۔ وہ کب تک واپسی کریں گے، اس سے متعلق کوئی جانکاری نہیں ہے۔‘ اس 28 سالہ وکٹ کیپر بلے باز کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے گزشتہ سال نیلامی میں ان کے بیس پرائز 50 لاکھ روپئے میں خریدا تھا۔ انہوں نے آئی پی ایل میں صرف ایک میچ دہلی کیپٹلس کے خلاف کھیلا تھا۔

لٹن داس نے بنائے 4 رن

جیسن رائے کے ساتھ اننگ کا آغاز کرتے ہوئے لٹن داس نے دہلی کیپٹلس کے خلاف میچ میں صرف 4 رن بنائے اور وکٹ کیپر کے طور پر انہوں نے اسٹمپنگ کے دو موقع گنوائے۔ دہلی نے یہ میچ چار وکٹ سے جیت کر مسلسل پانچ میچوں میں ہارنے کا سلسلسہ توڑا تھا۔ لٹن داس آئی پی ایل 2023 میں کھیلنے کے لئے کافی بعد میں ہندوستان آئے کیونکہ تب وہ آئرلینڈ کے دورے پر نیشنل ٹیم کا حصہ تھے۔ اب ان کے آئرلینڈ کے خلاف آئندہ 3 میچوں کی ونڈے سیریز میں کھیلنے کی امید ہے۔

شکیب الحسن نے اپنا نام لے لیا تھا واپس

اس سے قبل کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو آئی پی ایل شروع ہونے سے پہلے شکیب الحسن کے طور پر بڑا جھٹکا لگا تھا۔ بنگلہ دیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے آئی پی ایل کے 16ویں ایڈیشن سے اپنا نام واپس لے لیا تھا۔ کے کے آر نے ان کی جگہ پر انگلینڈ کے سلامی بلے باز جیسن رائے کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔ جیسن رائے اس وقت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وہ اس سیزن میں مسلسل 2 نصف سنچری لگا چکے ہیں۔

  -بھارت ایکسپریس