بہار کے ڈی جی پی ونے کمار کے آبائی ضلع ویشالی میں پولیس کے اس کارنامے نے وردی کو شرمسار کر دیا ہے۔ لال گنج تھانہ پولیس نے ایک شخص کے گھر پر چھاپہ مار کر 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سونے، چاندی کے زیورات اور نقدی چوری کر لی۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ دو ملزم پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ تفتیشی افسران نے ملزم پولیس اہلکاروں کے قبضے سے کئی ٹی وی، پیتل کے برتن اور کارتوس بھی برآمد کیے ہیں۔ فی الحال سونے اور نقدی کے بارے میں تفتیشی افسران مزید جانچ کر رہے ہیں۔
پورا معاملہ کیا ہے؟
یہ معاملہ لال گنج تھانہ حلقہ کا ہے، جہاں پولیس خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بلن پور گاؤں کے رہائشی رام پریت سہنی کے گھر چھاپہ مارنے پہنچی تھی۔ موقع سے پولیس نے بڑی مقدار میں چوری شدہ پیتل کے برتن، دو ٹی وی اور دو زندہ کارتوس برآمد کیے تھے۔ پولیس کو اس گھر سے بڑی مقدار میں سونے، چاندی کے زیورات اور نقدی بھی ملی تھی، لیکن لال گنج تھانہ انچارج سنتوش کمار اور داروغہ سمن کمار نے انہیں ضبطی کی فہرست میں شامل کرنے کے بجائے چھپا لیا۔جس شخص کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تھا، اس نے سینئر پولیس افسران کو اطلاع دی کہ اس کے گھر سے سونا، چاندی اور نقدی بھی پولیس لے گئی ہے، جس کی مالیت 50 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ اس کے بعد ویشالی کے ایس پی نے معاملے کی جانچ کا حکم دیا۔ جانچ افسران نے الزامات کو درست پایا، جس کے بعد دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
چھاپہ ماری کے دوران سونا اور نقدی بھی ملی
اس معاملے پر ویشالی کے ایس پی للت موہن شرما نے بتایا کہ 30 دسمبر 2025 کو لال گنج تھانہ انچارج اور ان کی ٹیم نے ایک گھر میں چھاپہ ماری کی تھی۔ اطلاع ملی تھی کہ وہاں چوری کا سامان موجود ہے۔ جو سامان برآمد ہوا، اس کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ بعد میں یہ جانکاری سامنے آئی کہ چھاپہ ماری کے دوران کئی دیگر اشیاء بھی ضبط کی گئی تھیں، لیکن انہیں سرکاری ریکارڈ میں ظاہر ہی نہیں کیا گیا۔ ایس پی نے مزید کہا کہ اس کارروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ نہیں کی گئی، جبکہ چھاپہ ماری کے دوران ویڈیو بنانا لازمی ہوتا ہے۔ ڈی آئی جی کے حکم پر اس معاملے میں تھانہ انچارج (ایس ایچ او) اور ایک سب انسپکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ جیسے ہی معاملے کی مکمل تفصیلات سامنے آئیں گی، اس کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔ ایس پی کے مطابق اس ایس ایچ او کے خلاف پہلے بھی مقدمہ درج ہو چکا ہے۔ تفتیش کے دوران کچھ ٹی وی اور چند کارتوس برآمد ہوئے ہیں، جبکہ سونا اور نقدی غائب پائی گئی ہے۔ جیسے ہی اس معاملے میں مزید حقائق سامنے آئیں گے، سخت کارروائی کی جائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
