نوجوان بلے باز ابھیشیک شرما
ہندوستانی اوپنر ابھیشیک شرما نے ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں ایک شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔ بائیں ہاتھ کے اس جارحانہ بلے باز نے صرف 528 گیندوں میں 1000 رنز مکمل کرکے یہ سنگ میل عبور کر لیا، جو اب تک کی سب سے تیز رفتار پیش رفت ہے۔ گابا، برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف جاری پانچویں ٹی-20 میچ میں بیٹنگ کے دوران ابھیشیک نے جیسے ہی 11 رن مکمل کیے، ویسے ہی وہ ٹی-20 انٹرنیشنل میں سب سے کم گیندوں میں 1000 رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے یہ کارنامہ 573 گیندوں میں حاصل کیا تھا۔
اس فہرست میں انگلینڈ کے فل سالٹ تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 599 گیندوں میں یہ کارنامہ انجام دیا، جبکہ آسٹریلیا کے گلن میکسویل نے 604 گیندوں میں 1000 رن مکمل کیے۔ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل اور نیوزی لینڈ کے فن ایلن نے 609 گیندوں میں اس سنگ میل کو چھوا۔
ابھیشیک شرما نے سب سے کم 28 اننگز میں 1000 رنز مکمل کیے ہیں، اس اعتبار سے وہ ہندوستانی بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان سے آگے صرف وراٹ کوہلی ہیں، جنہوں نے 27 اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ تیسرا نمبر کے ایل راہل (29 اننگز)، چوتھا سوریہ کمار یادو (31 اننگز) اور پانچواں روہت شرما (40 اننگز) کے نام ہے۔
گابا میں جاری پانچویں ٹی-20 میچ میں، جب بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا، ہندوستان نے 4.5 اوور میں بغیر نقصان کے 52 رن بنا لیے تھے۔ اوپننگ جوڑی ابھشیک شرما اور شبھمن گل نے شاندار شروعات فراہم کی۔ ابھیشیک 13 گیندوں پر 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 23 رن بنا کر کریز پر موجود تھے، جبکہ گل نے 16 گیندوں میں 6 چوکے لگا کر 29 رن جوڑے۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت سیریز میں 2-1 سے برتری پر ہے اور اگر خراب موسم کے باعث یہ میچ منسوخ ہوتا ہے تو سیریز بھارت کے نام ہوگی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


