Bharat Express DD Free Dish

Rahul And Sonia Gandhi Pay Tribute To Former Prime Minister Indira Gandhi : راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور ملکارجن کھڑگے نے سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا

بھارت کی سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر کانگریس رہنماؤں راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کے روز دہلی کے ’شکتی ستھل‘ پر انہیں عقیدت کے پھول نذر کیے۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی اندرا گاندھی کو یاد کیا، جنہوں نے قوم کی یکجہتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جان قربان کی۔

نئی دہلی، 31 اکتوبر: بھارت کی سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر کانگریس رہنماؤں راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کے روز دہلی کے ’شکتی ستھل‘ پر انہیں عقیدت کے پھول نذر کیے۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ’’آئرن لیڈی آف انڈیا‘‘ کے طور پر مشہور اندرا گاندھی کو یاد کیا، جنہوں نے قوم کی یکجہتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جان قربان کی۔ راہل گاندھی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’’بھارت کی اندرا – بے خوف، پرعزم اور ہر طاقت کے سامنے ڈٹ جانے والی۔ دادی، آپ نے مجھے سکھایا کہ بھارت کی شناخت اور خودداری سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ آپ کا حوصلہ، ہمدردی اور حب الوطنی آج بھی میرے ہر قدم کو رہنمائی دیتے ہیں‘‘۔‘

راہل گاندھی کے ہمراہ کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے بھی اندرا گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھائے اور چند لمحے خاموشی اختیار کر کے انہیں یاد کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے متعدد سینئر لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’لاکھوں بھارتی شہری ہمیشہ اندرا گاندھی کی زندگی سے تحریک حاصل کرتے رہیں گے۔ وہ عزم، جرات اور وژن کی علامت تھیں۔ ملک کی ترقی اور اتحاد کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔ انہوں نے ملک کی سالمیت کی خاطر اپنی جان قربان کر دی۔ ہم شکتی ستھل پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں‘‘۔‘

اسی دوران، بہار کے نالندہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیرِ اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور انہوں نے اس موقع پر سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کی ایک بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ’’1971 میں جب بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ جاری تھی تو امریکہ نے بھارت کو خوفزدہ کرنے کے لیے اپنا بحری بیڑا بھیجا تھا۔ اس وقت اندرا گاندھی نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ہمیں تمہارے بیڑے سے ڈر نہیں، تم اپنا کرو، ہم اپنا کریں گے‘‘۔

راہل نے مزید کہا کہ ’’اندرا گاندھی ایک خاتون تھیں، مگر ان میں آج کے وزیرِ اعظم سے زیادہ جرات تھی۔ نریندر مودی بزدل ہیں، نہ ان کے پاس وژن ہے، نہ ہی امریکہ کے صدر کے سامنے کھڑے ہونے کی ہمت۔ میں انہیں چیلنج دیتا ہوں کہ اگر ان میں حوصلہ ہے تو کسی جلسے میں کہہ دیں کہ امریکی صدر نے جھوٹ بولا ہے، مگر وہ ایسا نہیں کر سکتے‘‘۔ واضح رہے کہ اندرا گاندھی بھارت کی تیسری اور پہلی خاتون وزیرِ اعظم تھیں، جنہوں نے 1966 سے 1977 اور بعد ازاں 1980 سے اپنی شہادت (1984) تک ملک کی قیادت کی۔ ان کی سیاسی بصیرت اور جرات نے بھارت کی تاریخ پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read