Bharat Express DD Free Dish

Rahul Gandhi turns 55: راہل گاندھی کی 55ویں سال گرہ پر مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری، بی جے پی لیڈران نے بھی کیا نیک خواہشات کا اظہار، انڈین یوتھ کانگریس کر رہی ہے روزگار میلے کا انعقاد

راہل گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے نئی دہلی کے تال کٹورا اسٹیڈیم میں ایک روزگار میلہ بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔

سینئر کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی کو ان کی 55ویں سال گرہ کے موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران کی جانب سے نیک تمناؤں کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ اس دوران کئی بی جے پی لیڈران نے بھی راہل گاندھی کو سال گرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

بی جے پی لیڈران نے بھی پیش کی مبارکباد

بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر راہل گاندھی کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’’یوپی کے رائے بریلی سے رکنِ پارلیمان اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر شری راہل گاندھی جی کو دل کی گہرائیوں سے سال گرہ کی مبارکباد۔ دعا ہے کہ یہ دن ان کے لیے خوشیاں لائے اور آنے والا سال صحت و خوش حالی سے بھرپور ہو۔‘‘

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے راہل گاندھی کو نیک تمناؤں کے ساتھ سال گرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’’راہل گاندھی جی کو سال گرہ کی دلی مبارکباد۔ دعا ہے کہ آپ کو اچھی صحت اور طویل زندگی نصیب ہو۔‘‘ وہیں بی جے پی لیڈر نوین جندل نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور راہل گاندھی کو سال گرہ کی مبارکباد پیش کی۔

راہل گاندھی میرے نظریاتی بھائی: ایم کے اسٹالن

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اس موقع پر راہل گاندھی کو اپنا ’’نظریاتی بھائی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’میرے نظریاتی بھائی راہل گاندھی کو سالگرہ کی پرخلوص مبارکباد۔ ہمارا رشتہ خون کا نہیں، بلکہ فکر، وژن اور مقصد کا ہے۔ دعا ہے آپ اسی جرأت مندی سے قیادت کرتے رہیں۔ روشن بھارت کی جانب ہماری جدوجہد میں کامیابی ہماری ہوگی۔‘‘

وہیں کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے راہل گاندھی کو سال گرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے لیڈر شری راہل گاندھی کو سال گرہ کی دلی مبارکباد۔ عوام کے لیے آپ کی وابستگی اور زمینی سطح پر مسلسل موجودگی سچی قیادت کی علامت ہے اور ہم جیسے لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، جو اصولوں پر مبنی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی کی سال گرہ پر انڈین یوتھ کانگریس کر رہی ہے روزگار میلے کا انعقاد

ان کے علاوہ متعدد دیگر رہنماؤں بشمول اشوک گہلوت، سچن پائلٹ اور شتروگھن سنہا نے بھی راہل گاندھی کو سال گرہ کی مبارکباد پیش کی ہے اور یہ سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ دریں اثنا راہل گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے نئی دہلی کے تال کٹورا اسٹیڈیم میں ایک روزگار میلہ بھی منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں 100 سے زائد قومی و بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کریں گی اور 5000 سے زائد ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read