Bharat Express

Delhi Assembly Election 2025: عام آدمی پارٹی کے 40 اسٹار کمپینرز میں صرف ایک مسلم نام شامل، چودھری متین احمد، شعیب اقبال اور امانت اللہ خان پر اروندکیجریوال نے نہیں کیا بھروسہ

دہلی میں اسمبلی الیکشن کے لئے ریاست کی برسراقتدار عام آدمی پارٹی نے اسٹارکمپینرز کی فہرست جاری کی ہے، جس میں مسلم طبقے سے صرف عمران حسین کو جگہ دی گئی ہے اور سینئر لیڈران کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔

عام آدمی پارٹی نے اپنے سینئر مسلم لیڈران کو نظر انداز کردیا ہے۔

نئی دہلی: دہلی اسمبلی الیکشن 2025 کے لئے عام آدم یپارٹی نے 40 اسٹارکمپینرزکی فہرست جاری کی ہے۔ پارٹی کے نیشنل کنوینراروند کیجریوال، ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال، دہلی کی وزیراعلیٰ آتشی اورپنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان کوشامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام وزرا کے ساتھ پارٹی کے سینئرلیڈران اورکئی اراکین اسمبلی کوجگہ دی گئی ہے۔ تاہم ان 40 اسٹارکمپینرزکی فہرست میں مسلم طبقے کے سینئرلیڈران کونظرانداز کردیا گیا ہے۔ اس فہرست میں صرف دہلی حکومت میں وزیرعمران حسین کوجگہ دی گئی ہے۔

عام آدمی پارٹی میں کئی سینئرمسلم لیڈران اوراراکین اسمبلی ہیں، جن پراروند کیجریوال نے بھروسہ نہیں جتایا ہے۔ اوکھلا کے رکن اسمبلی اوردہلی وقف بورڈ کے سابق چیئرمین امانت اللہ خان کوبھی جگہ نہیں دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سیلم پورسے عام آدمی پارٹی کے موجودہ امیدوارچودھری زبیراحمد کے والد کانگریس کے سینئرلیڈراورسابق رکن اسمبلی (اب عام آدمی پارٹی میں) چودھری متین احمد کوبھی شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مٹیا محل کے موجودہ رکن اسمبلی اورسینئرلیڈرحاجی شعیب اقبال (موجودہ امیدوارآل محمد اقبال کے والد) جیسے لیڈران کوجگہ نہیں دی گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے اسٹارکمپینرزکودیکھنے کے بعد یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ اروند کیجریوال نے مسلم لیڈران کو زیادہ اہمیت نہیں دی ہے اورصرف برائے نام عمران حسین کا نام شامل کیا گیا ہے۔

عام آدمی پارٹی نے اسٹار مہم چلانے والوں کی فہرست جاری کی

پارٹی کے قومی کنوینراوردہلی کے سابق وزیراعلی اروند کیجریوال، دہلی کی موجودہ وزیراعلیٰ آتشی، اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال، پنجاب کے وزیراعلی بھگونت مان، دہلی حکومت کے وزراء سوربھ بھردواج، گوپال رائے، عمران حسین، راجیہ سبھا اراکین پارلیمنٹ سنجے سنگھ، راگھوچڈھا اورہربھجن سنگھ (سابق ہندوستانی کرکٹر) کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹرسندیپ پاٹھک، این ڈی گپتا، پنکج گپتا، اودھ اوجھا، مکیش اہلاوت، امن اروڑا، ہرپال سنگھ چیما، رام نواس گوئل، دلیپ پانڈے، سشیل گپتا، راکھی بڈلان، گلاب سنگھ، شیلی اوبرائے اوردیگرکے نام شامل ہیں۔

ووٹنگ 5 فروری کو ہوگی

قابل ذکرہے کہ دہلی میں 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے ایک ہی مرحلے میں 5 فروری کو انتخابات ہوں گے اورنتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔ عام آدمی پارٹی، بی جے پی اورکانگریس کے علاوہ کئی چھوٹی چھوٹی پارٹیوں کے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ اروند کیجریوال ایک بار پھرعام آدمی پارٹی کی حکومت بنانے کے لئے مہم چلا رہے ہیں جبکہ بی جے پی دہلی میں اپنی حکومت بنانے کے لئے کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ کانگریس نے بھی اپنے کئی سینئرلیڈران کواس الیکشن میں اتارا ہے اورپارٹی کی کوشش ہے کہ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو دوبارہ بحال کرایا جائے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Also Read