Bharat Express

Delhi Assembly Election 2025: مٹیا محل سیٹ پرعام آدمی پارٹی نے بدلا امیدوار، شعیب اقبال کی جگہ آل محمد اقبال لڑیں گے الیکشن

مٹیا محل اسمبلی سیٹ سے شعیب اقبال کی جگہ ان کے بیٹے آل محمد اقبال عام آدمی پارٹی کے امیدوارکے طورپرالیکشن لڑیں گے۔ ہفتہ کے روزاروند کیجریوال کی رہائش گاہ پرمیٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔

عام آدمی پارٹی نے مٹیا محل سے شعیب اقبال کی جگہ آل محمد اقبال کو امیدوار بنایا ہے۔

نئی دہلی: دہلی اسمبلی الیکشن 2025 میں عام آدمی پارٹی نے مٹیا محل سیٹ پراپنا امیدوار بدلنے کا اعلان کیا ہے۔ مٹیا محل سے شعیب اقبال کی جگہ آل محمد اقبال اس سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ ہفتہ کے روز اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ آل محمد اقبال مٹیا محل کے موجودہ رکن اسمبلی شعیب اقبال کے بیٹے ہیں۔ آل محمد اقبال ایم سی ڈی میں ڈپٹی میئر رہ چکے ہیں اوروہ ہرمحاذ پرکافی سرگرم رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ آل محمد اقبال چوتھے امیدوارہیں، جنہیں اپنے اہل خانہ کی جگہ امیدواربنایا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے دہلی کی سبھی 70 اسمبلی سیٹوں پرامیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔  شعیب اقبال نے 2020 میں عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر بڑی جیت حاصل کی تھی۔ عام آدمی پارٹی نے ایک ہفتے قبل انہیں ایک بارپھر امیدوار بنایا تھا، لیکن اب ان کے بیٹے کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

 2020 میں شعیب اقبال کو ملی تھی جیت

واضح رہے کہ سال 2020 کے اسمبلی الیکشن میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار شعیب اقبال کو 67,282  ووٹ ملے تھے جبکہ ان کے حریف بی جے پی امیدوار رویندرگپتا کو 17,041  ملے تھے۔ وہیں کانگریس کے مرزا جاوید علی کو محض 3,409 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ اس طرح سے مٹیا محل اسمبلی حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے شعیب اقبال نے بی جے پی کے رویندر گپتا کو 50,241  ووٹوں کے فرق سے ہرایا تھا۔

2015 میں ہارگئے تھے شعیب اقبال

شعیب اقبال نے 1993 اور 1998 میں جنتا دل کے امیدوار کے طورپر اس سیٹ سے جیت حاصل کی تھی، جبکہ 2003 میں انہوں نے جنتا دل (سیکولر) کے ٹکٹ سے اس سیٹ پرجیت حاصل کی تھی۔ 2008 میں شعیب اقبال نے یہاں سے لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے امیدوار کے طور پرجیت حاصل کی تھی۔ 2013 کا اسمبلی الیکشن یہاں سے جنتا دل (یونائیٹیڈ) کے امیدوار کے طورپر جیتا تھا، لیکن 2015 میں وہ عام آدمی پارٹی کے عاصم احمد خان سے ہارگئے تھے۔

آل محمد اقبال لڑیں گے الیکشن

مٹیا محل اسمبلی سیٹ سے اب آل محمد اقبال عام آدمی پارٹی کے امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے۔ وہ فی الحال ایم سی ڈی میں وارڈ 76 سے عام آدمی پارٹی کے کونسلرہیں۔ 2023 میں دہلی میونسپل کارپوریشن میں وہ ڈپٹی میئر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے والد شعیب اقبال 6 بار رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ وہیں آل محمد اقبال سال 2012 سے کونسلرمنتخب ہوتے رہے ہیں۔ سال 2022 میں ایم سی ڈی الیکشن میں آل محمد اقبال نے سب سے زیادہ ووٹوں سے جیت حاصل کی تھی۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read