Bharat Express

Bharat Express Urdu Conclave:ہماری سب سے بڑی طاقت گنگا جمنی تہذیب ہے جس کو برقرار رکھنا ہم سب کیلئے انتہائی ضروری ہے:بھارت ایکسپریس اردو کانکلیو سے جگدمبیکا پال کا خطاب

جگدمبیکا پال نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے گنگا جمنی ثقافت کو برقرار رکھنا ضروری ہے، جو ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے ہمارے آپسی اتحاد پر جو کچھ کہا وہ حالیہ برسوں میں واضح طور پر ظاہر ہوا، بالاکوٹ فضائی حملہ ہو یا ملک کو درپیش کوئی بحران،ہر وقت سب متحد نظرآئے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو کانکلیو میں جے پی سی چیئرمین جگدمبیکا پال

بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کی اردو ٹیم کی جانب سے منعقدہ ‘بزم صحافت’بھارت ایکسپریس اردو کانکلیو میں سینئر سیاسی رہنما،لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ اور جے پی سی چیئرمین برائے وقف جگدمبیکا پال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندو مسلم کمیونٹی کے درمیان باہمی ہم آہنگی، اتحاد اور گنگا جمنی ثقافت کو برقرار رکھنے کی ہرممکن کوشش ہونی چاہیے۔ انہوں نے مولانا ارشد مدنی کی بات کا بھی تذکرہ کیا، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ کس طرح اردو بولنے والوں نے جدوجہد آزادی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

جگدمبیکا پال نے ‘بھارت ایکسپریس اردو کانکلیو’ کے انعقاد کے لیے بھارت ایکسپریس کے چیئرمین، سی ایم ڈی اور ایڈیٹر ان چیف اوپیندر رائے کا شکریہ ادا کیا۔ پال نے کہاکہ سب سے پہلے میں اپنے دوست اپیندر رائے صاحب کو مبارکباد دینا چاہوں گا کہ بہت سے لوگ نیوز چینل شروع کرتے ہیں۔ لیکن انہوں نے ہندی اور انگریزی کے ساتھ ساتھ بھارت ایکسپریس کا اردو چینل بھی شروع کیاہے۔ جن لوگوں نے اس اردو چینل کو عزت بخشی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اردو صحافت پروان چڑھے گی۔

جگدمبیکا پال نےجمعیۃ علماء ہند کےصدر مولانا سید ارشد مدنی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں انہوں نے صرف دیوبند جمعیت علماء کی بات کی ہے، اس کی ملک کی آزادی میں ایک بڑی تحریک اور تاریخ رہی ہے، جس کے بارے میں مولانا ارشد مدنی صاحب نے ابھی بتایا ہے۔ اس کی ایک مکمل تاریخ ہے، جسے نئی نسل کو جاننا چاہیے۔

جگدمبیکا پال نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے گنگا جمنی ثقافت کو برقرار رکھنا ضروری ہے، جو ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے ہمارے آپسی اتحاد پر جو کچھ کہا وہ حالیہ برسوں میں واضح طور پر ظاہر ہوا، بالاکوٹ فضائی حملہ ہو یا ملک کو درپیش کوئی بحران،ہر وقت سب متحد نظرآئے ہیں۔

انہوں نے کہا، “میں بھارت ایکسپریس پریوار کو اس چیز کے لئے مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ یہاں ان کے اردو چینل کے کانکلیو میں جن چیزوں پر بات ہو رہی ہے وہ ملک کے 140 کروڑ عوام کو معلوم ہو جائے گی۔ مولانا صاحب جس تحریک آزادی کی بات کر رہے تھے وہ ایک حقیقت ہے۔ یہ ملک کے لیے ایک مثال ہوگا۔

واضح رہے کہ بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کی اردوٹیم نے 27 اکتوبر کو قومی دارالحکومت دہلی میں بزم صحافت ’بھارت ایکسپریس اردو کانکلیو‘ کا انعقاد کیا۔ اس میں اردو صحافت کے کورس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کواعزاز سے بھی نوازا گیا۔

Also Read