یس بینک–ڈی ایچ ایف ایل قرض گھوٹالے کی تحقیقات میں ایک چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ معروف رئیل اسٹیٹ کاروباری اویناش بھوسلے نےسی بی آئی کی حراست میں ہوتے ہوئے بھی لندن میں واقع ایک پرتعیش ہوٹل کو 1,432 کروڑ روپے میں فروخت کر دیا۔ دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ لندن کے ٹرافلگر اسکوائر پر واقع ’’5 اسٹرینڈ‘‘ نامی پراپرٹی، جو 2018 میں اویناش بھوسلے انفراسٹرکچر کی برطانوی ذیلی کمپنی ’’فلورا ڈیولپمنٹ‘‘ کے ذریعے تقریباً 1,000 کروڑ میں خریدی گئی تھی، اسے اگست 2022 میں ’’لندن ہوٹل ہولڈنگ‘‘ کو فروخت کیا گیا ہے۔
حیرت انگیز طور پر یہ سودا اویناش بھوسلے کی 26 مئی 2022 کو سی بی آئی کے ذریعے گرفتاری کے صرف دو ماہ بعد مکمل ہوا۔ یہ فروخت اس وقت عمل میں آئی جب سی بی آئی نے 2021 میں برطانوی حکام کو Letter Rogatory (LR) کے ذریعے مذکورہ پراپرٹی کے مالی اور ملکیتی ریکارڈ کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ تاہم 2024 میں داخل کی گئی ضمنی چارج شیٹ میں سی بی آئی نے اعتراف کیا کہ لندن کی اس جائیداد کی فروخت کی معلومات انھیں تاخیر سے ملی۔
گھوٹالے کی رقم سے خریدا گیا تھا مذکوہ ہوٹل
سی بی آئی کے مطابق اس ہوٹل کی خریداری میں استعمال ہونے والی رقم ممکنہ طور پر یس بینک–ڈی ایچ ایف ایل اسکینڈل سے حاصل کی گئی ناجائز آمدنی تھی۔ فلورا ڈیولپمنٹ کو ABIL گروپ کی خصوصی کمپنی (SPV) کے طور پر استعمال کیا گیا، تاکہ مبینہ طور پر کالا دھن برطانیہ میں جائیدادوں میں لگایا جا سکے۔ دستاویزات کے مطابق فلورا ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر اویناش بھوسلے کے بیٹے امت بھوسلے تھے، جو اس وقت ABIL گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں۔ اس کمپنی کے دیگر ڈائریکٹرز بعد ازاں مستعفی ہو چکے ہیں۔
ای ڈی اور سی بی آئی نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ معاہدہ ایک ایسی مالی سازش کا حصہ ہو سکتا ہے، جس میں عدالتی حراست کے دوران بھی جائیدادوں کی فروخت اور جرائم سے حاصل شدہ اثاثے چھپائے گئے۔ اب تک ای ڈی نے اویناش بھوسلے اور ABIL گروپ کی تقریباً 164 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں منجمد کر دی ہیں، جن میں ممبئی، پونے اور ناگپور کی قیمتی زمینیں شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

