نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز سچن تندولکر نے منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے بیٹے ارجن تندولکر کی شادی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ اس ملاقات کی اطلاع خود سچن تندولکر نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی، جس کے بعد یہ خبر کھیل اور سماجی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گئی۔ سچن تندولکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کیں۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ارجن اور ثانیہ کی شادی میں وزیر اعظم کو مدعو کرتے ہوئے انہیں بے حد خوشی محسوس ہوئی۔ سچن کے مطابق وزیر اعظم مودی نے ہونے والے جوڑے کو اپنی نیک خواہشات اور قیمتی مشوروں سے نوازا، جس پر خاندان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
We were honoured to invite Hon’ble Prime Minister Shri @narendramodi ji to Arjun and Saaniya’s wedding. Thank you, Modi ji, for your blessings and thoughtful advice for the young couple. pic.twitter.com/7oxOZm3i5X
— Sachin Tendulkar (@sachin_rt) February 10, 2026
اس موقع پر سچن تندولکر کے ساتھ ان کی اہلیہ انجلی تندولکر، بیٹا ارجن تندولکر، بیٹی سارا تندولکر اور ہونے والی بہو ثانیہ چنڈوک بھی موجود تھیں۔ تندولکر خاندان نے ذاتی طور پر وزیر اعظم کو شادی کا دعوت نامہ پیش کیا اور مختصر ملاقات کے دوران خوشگوار گفتگو بھی ہوئی۔ واضح رہے کہ 26 سالہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ارجن تندولکر نے گزشتہ برس اگست میں صنعتکار روی گھئی کی پوتی ثانیہ چنڈوک سے منگنی کی تھی۔ ثانیہ چنڈوک کا تعلق ممبئی کے ایک بااثر اور خوشحال کاروباری خاندان سے ہے۔ وہ مسٹر پاج پیٹ اسپا اینڈ اسٹور ایل ایل پی میں پارٹنر اور ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ گھئی خاندان کی مہمان نوازی اور فوڈ انڈسٹری میں نمایاں شناخت ہے۔ یہ خاندان انٹرکانٹینینٹل ہوٹل چین اور مشہور آئس کریم برانڈ بروکلین کریمری کا مالک ہے، جس کی ملک بھر میں مضبوط موجودگی مانی جاتی ہے۔
دوسری جانب ارجن تندولکر بطور آل راؤنڈر ڈومیسٹک کرکٹ میں گوا کی نمائندگی کرتے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز اور بلے باز ارجن نے 22 فرسٹ کلاس میچوں میں 48 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 620 رنز بھی بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ 23 لسٹ اے میچوں میں ان کے نام 25 وکٹیں اور 155 رنز درج ہیں۔ ارجن تندولکر انڈین پریمیئر لیگ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔ وہ 2021 میں ممبئی انڈینز سے وابستہ ہوئے تھے اور 2023 میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف آئی پی ایل میں ڈیبیو کیا۔ اب تک وہ آئی پی ایل کے پانچ میچوں میں تین وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ آئی پی ایل 2026 میں وہ لکھنؤ سپر جائنٹس کی جرسی میں نظر آئیں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


