ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں غیر مجاز بحری راستوں کے استعمال کے دوران بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد تیل بردار دو بڑے جہازوں میں دھماکے ہوئے۔یہ واقعہ خطے میں فوجی کارروائیوں اور سمندری سلامتی کے معاملے پر تہران اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے۔آئی آر جی سی کے سرکاری خبر رساں ادارے ’سپاہ نیوز‘ پر جاری بیان کے مطابق، دونوں جہازوں نے ایرانی بحریہ کی جانب سے دی گئی ہدایات کو نظر انداز کیا اور ممنوعہ سمندری حدود میں داخل ہوگئے۔ ایرانی بحریہ نے کہا کہ دھماکوں کے بعد حکام نے عمان کے جزیرے الغنم کے شمال اور آبنائے ہرمز کے مشرق میں ان تیل بردار جہازوں کو روک دیا۔
امریکی ڈرون مار گرانے کا بھی دعویٰ
آئی آر جی سی نے اتوار کو ایک الگ بیان میں دعویٰ کیا کہ اس کی فضائی دفاعی فورسز نے اہم سمندری گزرگاہ کے مشرق میں امریکہ کے ایم کیو-1 پریڈیٹر ڈرون کو روک کر تباہ کردیا۔ایرانی فورسز نے اسے حالیہ مہینوں میں روکے گئے امریکی ڈرونز کا 20واں واقعہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ دعویٰ کیا گیا کہ 24 گھنٹے کے اندر امریکہ کا چوتھا جاسوسی اور جنگی ڈرون مار گرایا گیا ہے۔
دو تیل بردار جہازوں میں آگ لگنے کی اطلاع
دوسری جانب، ایران کی آرمی نیوی نے الگ سے اطلاع دی کہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد تیل بردار دو جہازوں میں آگ لگ گئی۔ایرانی بحریہ کا دعویٰ ہے کہ دونوں جہازوں نے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے سے پہلے اپنے شناختی اور نیویگیشن نظام بند کر دیے تھے، حالانکہ انہیں پہلے ہی انتباہ جاری کیا جا چکا تھا۔
بحرین میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
آئی آر جی سی نے ہفتے کے روز بحرین کے دو فضائی اڈوں پر موجود امریکی ریڈار تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کی ذمہ داری بھی قبول کی۔ ایران نے ان حملوں کو اپنی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزیوں کا جواب قرار دیا۔واضح رہے کہ ایران نے 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی آمد و رفت پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔ تازہ واقعات نے دنیا کے اہم تیل بردار بحری راستے کی سلامتی کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




