پاکستان کے سابق اسٹار گیند باز وقار یونس۔ (فائل فوٹو)
ونڈے کرکٹ میں ایک اننگ میں پانچ وکٹ حاصل کرنا ہی بڑی حصولیابی مانا جاتا ہے۔ ایسے میں یقین کرنا مشکل ہے کہ کوئی گیند بازمسلسل تین ونڈے میچوں میں 5-5 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دے چکا ہے۔ پاکستان کے تیز گیند باز وقار یونس نے 1990 میں یہ ریکارڈ بنایا تھا اور 32 سال بعد بھی اسے نہیں توڑا جاسکا ہے۔ امید کم ہی ہے کہ یہ ریکارڈ کبھی ٹوٹ پائے گا۔
وقاریونس نے جب یہ ریکارڈ بنایا تو وہ اپنی گیند بازی کی بلندی پرتھے۔ 4 نومبراور 6 نومبر 1990 کو نیوزی لینڈ (5/11 اور5/16) اور 9 نومبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ (5/52) میں انہوں نے 5 وکٹ حاصل کئے تھے۔ ان تینوں ہی میچوں میں پاکستان نے جیت حاصل کی تھی۔
کیوی بیٹرنظرآئے بے بس
4 نومبر کو کھیلے گئے میچ میں وقار یونس کی گیند بازی کے آگے کیوی ٹیم 37.4 اوور میں 127 رن بناکرہی آؤٹ ہوگئی تھی۔ وقار یونس نے میچ میں ڈیوڈ وہائٹ، مارٹن کرو، کین ردرفورڈ، دیپک پٹیل اور ڈینی ماریسن کو پویلین لوٹایا تھا۔ جواب میں سعید انور کے 67 اور رمیزراجہ کے ناٹ آؤٹ 50 رنوں کی مدد سے پاکستان نے ٹارگیٹ 29.1 اوور میں 2وکٹ گنواکر حاصل کرلیا تھا۔ 6 نومبر کے میچ میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرکے رمیز راجہ کی سنچری (114 رن) اورسلیم ملک کے ناٹ آؤٹ 65 رنوں کی مدد سے مقررہ 40 اووروں میں 2 وکٹ پر 223 رن بنائے تھے۔ جواب میں نیوزی لینڈ ٹیم 25 اوور میں 118 رنوں پر ہی ہلاک ہوگئی تھی۔ وقار یونس نے اس میچ میں دیپک پٹیل، گرانٹ بریڈبرن، مارک پریسٹ، کرس پرنگل اور ولی واٹسن کو آؤٹ کیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آرڈر کو کیا تھا تباہ
9 نومبرکوکھیلے گئے میچ میں وقاریونس کی گیند بازی کے قہر کا سامنا ویسٹ انڈیز کے بیٹرس نے کیا تھا۔ پاکستان نے میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 40 اووروں میں 5 وکٹ پر 211 رنوں کا اسکوربنایا تھا۔ سلیم ملک نے 58 اور کپتان عمران خان نے ناٹ آؤٹ 53 رنوں کا تعاون دیا تھا۔ جواب میں وقار یونس کی گیند بازی کے آگے ویسٹ انڈیزٹیم 7 وکٹ گنواکر 205 رن ہی بنا پائی تھی۔ ان سات وکٹوں میں سے پانچ وکٹ وقار یونس کے کھاتے میں گئے تھے۔ اس میچ میں انہوں نے ڈیسمنڈ ہینس، رچرڈسن، گس لوگی، برائن لارا اور کارل ہوور کو پویلین لوٹا تھا۔
دو بار مسلسل دو میچوں میں 5-5 وکٹ بھی حاصل کئے
وقار یونس اس کے علاوہ بھی دو موقعوں پر دو مسلسل میچوں میں 5-5 وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔ 29 اپریل 1990 کو سری لنکا کے خلاف میچ میں انہوں نے 26 رن دے کر 6 وکٹ اور یکم مئی 1990 کو نیوزی لینڈ کے خلاف 20 رن دے کر 5 وکٹ حاصل کئے تھے۔ اسی طرح جون 2001 میں بھی انہوں نے مسلسل دو میچوں میں 5-5 وکٹ اپنے درج کرایا تھا۔ 17 جون 2001 کو انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 36 رن دے کر 7 اور 19 جون کو آسٹریلیا کے خلاف 59 رن دے کر6 وکٹ حاصل کئے تھے۔
-بھارت ایکسپریس