بھارتی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف تین ٹی20 میچوں کی سیریز 3-0 سے اپنے نام کر لی۔ اتوار کو کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی20 مقابلے میں شریاس ایئر کی قیادت والی ٹیم انڈیا نے زمبابوے کو 35 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کیا۔193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری زمبابوے کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ ٹیم نے پہلی ہی گیند پر اوپنر برائن بینیٹ کی وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد بھی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور 65 رنز تک چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس نازک موقع پر ریان برل اور ویسلے مدھیویری نے پانچویں وکٹ کے لیے 60 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس کی بدولت زمبابوے کی ٹیم 150 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔
ریان برل کی نصف سنچری رائیگاں
زمبابوے کی جانب سے ریان برل واحد بلے باز رہے جنہوں نے بھارتی گیند بازوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے برل نے 43 گیندوں پر ناقابلِ شکست 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ بین کرن نے 20، ڈیون مائرز نے 19، ویسلے مدھیویری نے 28 اور بریڈ ایونز نے 14 رنز بنائے۔ زمبابوے کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بنا سکی۔
بھارتی گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی
بھارت کی جانب سے مایانک یادو سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے اپنی رفتار اور درست لائن و لینتھ سے زمبابوے کے بلے بازوں کو مشکلات میں رکھا۔ یش ٹھاکر نے 4 اوورز میں 45 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اشوک شرما نے 20 رنز دے کر ایک اور روی بشنوئی نے 24 رنز کے عوض ایک وکٹ اپنے نام کی۔
ویبھَو سوریہ ونشی کی دھواں دھار اننگز
اس سے قبل بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز کا مضبوط مجموعہ کھڑا کیا۔ نوجوان اوپنر ویبھَو سوریہ ونشی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کے ٹی20 کریئر کی دوسری نصف سنچری تھی۔ ویبھَو نے ایشان کشن کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 75 رنز اور کپتان شریاس ایئر کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ ایشان کشن نے 26 گیندوں پر 29، شریاس ایئر نے 18 گیندوں پر 27 جبکہ رنکو سنگھ نے صرف 14 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔بھارت کی شاندار بیٹنگ اور پھر منظم گیند بازی کے باعث زمبابوے کو سیریز کے تیسرے میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، اور میزبان ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


