Bharat Express

Team India Bowling Coach: جنوبی افریقہ کے اس سینئرکھلاڑی کوگیند بازی کوچ بنانا چاہتے ہیں گوتم گمبھیر، بی سی سی آئی سے کی یہ بڑی اپیل

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ گوتم گمبھیرنے بی سی سی آئی کے سامنے گیند بازی کوچ سے متعلق اپنی خواہش ظاہرکی ہے۔ انہوں نے افریقی کرکٹر کو کوچ بنانے کے لئے کہا۔

ٹیم انڈیا کے کوچ اور جنوبی افریقہ کے اسٹار مورنے مورکیل۔ (فائل فوٹو)

Indian Bowling Coach Wants Gautam Gambhir: گوتم گمبھیر تو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ بن چکے ہیں، لیکن ابھی ان کا سپورٹ اسٹاف طے نہیں ہوسکا ہے۔ سپورٹ اسٹاف میں آنے والے بلے بازی، گیند بازی اور فیلڈنگ کوچ سے متعلق ابھی تلوارلٹکی ہوئی ہے۔ حالانکہ اب سامنے آئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوتم گمبھیرجنوبی افریقہ کے سابق تیزگیند بازمورنے مورکل کو گیند بازی کوچ بنانا چاہتے ہیں۔ کوچنگ کے معاملے میں مورنے مورکل کافی تجربہ کارہیں۔

کرک بز کی رپورٹ کے مطابق، گوتم گمبھیر نے بی سی سی آئی سے مورنے مورکیل پرغوروخوض کرنے کی درخواست کی ہے۔ گوتم گمبھیرچاہتے ہیں کہ مورنے مورکل ٹیم انڈیا کے گیند بازی کوچ بنے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مورنے مورکل سے بات چیت ہوئی ہے۔ گمبھیر اورمورکل نے لکھنؤ سپرجائنٹس میں ایک ساتھ کافی وقت گزارا ہے۔ گوتم گمبھیر 2 سال تک لکھنؤکے مینٹاررہے ہیں، جبکہ مورکیل اب بھی گیند بازی کوچ ہیں۔

پاکستان کے گیند بازی کوچ رہ چکے ہیں مورنے مورکیل

واضح رہے کہ مورنے مورکیل پاکستان کے گیند بازی کوچ رہ چکے ہیں۔ 2023 میں ہندوستان کی سرزمین پر کھیلے گئے ونڈے ورلڈ کپ میں مورنے مورکیل پاکستان کے گیند بازی کوچ کے کردار میں نظرآئے تھے۔ حالانکہ ٹورنا منٹ کے بعد مورنے مورکیل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ان ہندوستانیوں کو بھی گیند بازی کوچ بنانے کی چل رہی ہے بات

مورنے مورکیل کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کے سابق تیز گیند باز ظہیرخان، لکشمی پتی بالاجی اور ونے کمار سے متعلق بات چل رہی ہے۔ بی سی سی آئی ان تینوں کو بھی گیند بازی کوچ کے لئے دیکھ رہی ہے۔ حالانکہ ابھی بی سی سی آئی کی طرف سے آخری فیصلہ لینا باقی ہے۔

ایسا رہا ہے مورنے مورکیل کا انٹرنیشنل کیریئر

واضح رہے کہ مورنے مورکیل نے 2006 سے 2018 کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کھیلا ہے۔ اس دوران انہوں نے 86 ٹسٹ، 117 ونڈے اور 44 ٹی-20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔ ٹسٹ میں انہوں نے 27.66 کی اوسط سے 309 وکٹ حاصل کئے، جس میں بہترین کارکردگی 110 رن کے عوض 9 وکٹ رہی ہے۔ اس کے علاوہ ونڈے میں انہوں نے 25.32 کی اوسط سے 188 اور تی-20 انٹرنیشنل میں 25.34 کی اوسط سے 47 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ ونڈے میں ان کی بہترین کارکردگی 21 رن کے عوض 5 وکٹ اور ٹی-20 انٹرنیشنل میں 17 رن خرچ کرکے 4 وکٹ رہی ہے۔