نئی دہلی : بھاونا پٹیل کا شمار ملک کی سرکردہ پیرا ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں تمغے جیت کر دنیا بھر میں ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔ جسمانی معذوری کے باوجود اپنی محنت، حوصلے اور عزم کے دم پر انہوں نے کھیلوں کی دنیا میں ایک الگ پہچان بنائی ہے۔بھاونا پٹیل کی پیدائش 6 نومبر 1986 کو گجرات کے مہسانہ میں ہوئی تھی۔ وہ محض 12 سال کی عمر میں پولیو کا شکار ہوگئی تھیں، جس کی وجہ سے ان کی دائیں پیر متاثر ہوئی۔ بھاونا کے والدین نے ان کی جسمانی معذوری کو کبھی کمزوری نہیں بننے دیا اور انہیں زندگی میں کچھ بڑا کرنے کے لیے مسلسل حوصلہ افزائی کی۔بھاونا سال 2007 میں بلائنڈ پیپلز ایسوسی ایشن میں کمپیوٹر کورس کرنے گئی تھیں۔ وہاں انہوں نے کچھ بچوں کو ٹیبل ٹینس کھیلتے دیکھا۔ یہیں سے ان کی اس کھیل میں دلچسپی پیدا ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے لالن دوشی کی رہنمائی میں ٹیبل ٹینس کی تربیت حاصل کرنا شروع کی۔ وہیل چیئر پر بیٹھ کر کھیلنا آسان نہیں تھا، لیکن بھاوینا نے اپنی ہمت اور محنت سے اس مشکل کو بھی آسان بنا دیا۔
بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کا آغاز
بھاونا نے پہلی مرتبہ 2009 میں اردن میں ایک بین الاقوامی مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ اس کے بعد 2011 میں تھائی لینڈ اوپن میں چینی کھلاڑی کو شکست دے کر سلور میڈل حاصل کیا۔ سال 2013 میں بیجنگ میں منعقدہ ایشین پیرا ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں انہوں نے ہندوستان کو پہلا چاندی کا تمغہ دلایا۔
ٹوکیو پیرالمپکس میں تاریخ رقم کی
ٹوکیو پیرالمپکس 2020 میں کامیابی نے بھاونا پٹیل کو بین الاقوامی سطح پر بڑی پہچان دلائی۔ انہوں نے کلاس 4 کیٹیگری کے فائنل میں جگہ بنا کر تاریخ رقم کی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ چین کی کھلاڑی ژو ینگ سے ہوا، جہاں انہیں 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح انہیں سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔اگرچہ وہ گولڈ میڈل حاصل نہیں کرسکیں، لیکن ان کا یہ میڈل تاریخی اہمیت کا حامل تھا، کیونکہ ہندوستان نے پہلی مرتبہ پیرا ٹیبل ٹینس میں پیرالمپکس کا تمغہ جیتا تھا۔39 سالہ بھاونانے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اس کے علاوہ ان کے نام 2018 کے پیرا ایشین گیمز میں سلور اور 2022 کے ہانگژو ایشین گیمز میں برونز میڈل بھی درج ہے۔ انہوں نے ایشین پیرا گیمز 2026 میں بھی برونز میڈل حاصل کیا تھا۔
ارجن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا
بھاونا پٹیل کی کھیلوں کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں 2021 میں ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔جسمانی معذوری کے باوجود بھاونا پٹیل کی کامیابیاں ان نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہیں، جو مشکلات کے باوجود زندگی میں بڑا مقام حاصل کرنے کا خواب دیکھتے ہیں۔ ان کا سفر یہ پیغام دیتا ہے کہ مضبوط ارادے، مسلسل محنت اور خود اعتمادی کے ذریعے بڑی سے بڑی رکاوٹ کو بھی عبور کیا جاسکتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


