آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو بری طرح سے ہرا دیا ہے۔
ایک ہفتے پہلے کی بات ہے۔ ویسٹ انڈیزکی ایک نئی نویلی ٹیم نے آسٹریلیا کواسی کے قلعہ مانے جانے والے گابا کے میدان میں شکست دی۔ ویسٹ انڈیزنے آسٹریلیا کوہراکر27 سال بعد وہاں کوئی ٹسٹ میچ جیتا تھا۔ اس درمیان ویسٹ انڈیزکی ٹیم نے خوب سرخیاں بٹوریں، لیکن پھرفارمیٹ بدلا۔ اب ویسٹ انڈیزکا ورلڈ چمپئن آسٹریلیا سے ونڈے فارمیٹ میں مقابلہ ہونا تھا۔ آسٹریلیا نے گابا میں ملی ہارکا پورا حساب برابرکرتے ہوئے سیریزکے پہلے دومیچوں میں ویسٹ انڈیزکوشکست دے دی۔ تین میچوں کی سیریزکا تیسرا میچ ہونے سے پہلے آسٹریلیا نے سیریزجیت لی تھی۔
ویسٹ انڈیز کا برا حال
اب آسٹریلیا اورویسٹ انڈیزکے درمیان تیسرا مقابلہ ہوا۔ اس مقابلے میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیواسمتھ نے ٹاس جیتا اورویسٹ انڈیزکوپہلے بلے بازی کرنے کے لئے بلایا اورپھرمیدان پرجوکچھ ہوا، وہ کسی نے نہیں سوچا تھا۔ کچھ ہی دن پہلے گابا میدان میں تاریخ رقم کرنے والی ویسٹ انڈیزکی ٹیم اس میچ میں چاروں خانے چت ہوگئی۔ حالات اتنے خراب ہوگئے کہ 11 بلے باز مل کرصرف 86 رن ہی بورڈ پربنائے۔ 10 وکٹ میں سے 4 تو ایسے تھے، جو کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ ایلک اتھاناجے (32) واحد ایسے بلے باز تھے، جنہوں نے 20 سے زیادہ رن بنائے تھے۔ باقی کوئی 8 تو کوئی 10 تو کوئی 12 رن بناکرآؤٹ ہوچکا تھا۔
Phwoar! 🔥#AUSvWI pic.twitter.com/UdSKXImFdf
— cricket.com.au (@cricketcomau) February 6, 2024
آسٹریلیا کے نوجوان گیند بازوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے
خاص بات یہ بھی رہی اس میچ میں آسٹریلیا کا کوئی بھی سینئرتیز گیند باز نہیں کھیل رہا تھا۔ نہ تو ٹیم میں پیٹ کمنس تھے اورنہ ہی مچیل اسٹارک اور نہ ہی جوس ہیزل ووڈ۔ حال ہی میں ڈیبیوکرنے والے جیویئربارٹ لیٹ نے اس میچ میں 4 وکٹ حاصل کئے۔ وہیں 2-2 وکٹ ایڈم زمپا اورلانس مورس نے لئے۔ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ حال ہی میں سرخیوں میں چھانے والی ویسٹ انڈیزکی ٹیم کا فارم بدلتے ہی ایسا حال ہوگا۔ آسٹریلیائی ٹیم جب بلے بازی کرنے کے لئے آئی تو 7 اوورسے پہلے ہی انہوں نے جیت حاصل کرلی۔ ویسٹ انڈیز نے یہ سیریز 0-3 سے گنوائی۔
ویسٹ انڈیزکی ٹیم لمبے وقت سے کرکٹ میں جدوجہد کررہی ہے۔ پہلے ٹی-20 ورلڈ کپ کے مین ایونٹ میں کوالیفائی نہ کرپانا۔ پھرورلڈ کپ 2023 کے کوالیفائرسے ہی باہرہوجانا۔ یہ سب ویسٹ انڈیزنے گزشتہ کچھ سالوں میں دیکھا ہے۔ ایک ٹیم جو دو ونڈے ورلڈ کپ اوردو ٹی-20 ورلڈ کپ جیت چکی ہے ، اس کے لئے موجودہ وقت میں خود کی جرسی کے لئے اسپانسرتک جمع کرنا مشکل کام ہو رہا ہے۔ تاہم آسٹریلیا کے خلاف گابا ٹسٹ کی جیت ان کے لئے ایک امید کی چھوٹی سی کرن تھی۔ حالانکہ ونڈے سیریز میں کلین سوئپ ہونے کے بعد ایک بارویسٹ انڈیز کی ٹیم سوالوں کے گھیرے میں ہے۔
بھارت ایکسپریس۔