راجستھان کے وزیر تعلیم مدن دلاور نے مغل حکمران جلال الدین محمد اکبر کو ریپسٹ قرار دیا ہے۔ بلوترا کے ایک مندر میں پہنچنے والے ریاستی وزیر مدن دلاورسے جب ریاستی نصابی کتابوں میں اکبر سے متعلق اسباق پر ردعمل پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مغل حکمران محمد اکبر خوبصورت خواتین کو لا کر ان کی عصمت دری کرتا تھا۔ وزیرموصوف نے اکبر کو عظیم کہنے پر بھی اعتراض ظاہر کیا۔
دراصل نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دلاور نے کہا، ‘اکبر کبھی عظیم نہیں تھا۔ وہ حملہ آور اور ریپسٹ تھا۔ وہ ‘مینا بازار’ چلاتا تھا اور وہاں سے خوبصورت عورتوں کو لا کر ان کی عصمت دری کرتا تھا۔ ایسے شخص کو عظیم شخصیت کہنا حماقت ہے۔ اسکول کے نصابی کتابوں میں بڑی تبدیلیوں سے متعلق بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے پہلے بھی کہا تھا کہ وہ کوئی تبدیلی نہیں لانا چاہتے لیکن کچھ غلط چیزوں کو دور کیا جائے گا۔
گزشتہ ماہ کے30جنوری کو ایک پریس کانفرنس کے دوران دلاور نے کہاتھا کہ ‘ہمیں نصاب میں تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے، لیکن جو مواد غلط ہے یاجو عظیم لوگوں کی توہین کرتا ہے اسے ہٹا دیا جائے گا۔ ہمارے آباؤ اجداد جیسے شیواجی اور ویر ساورکر کے بارے میں بہت سی غلط معلومات ہیں۔ ان چیزوں کو درست کیا جائے گا۔ آر ایس ایس کے بیک گراونڈسے آنے والے لیڈر نے کہا تھا، ‘کئی کتابوں میں کہا گیا ہے کہ ساورکر محب وطن نہیں تھے، جب کہ اکبر کو عظیم بتایا گیا ہے۔ شیواجی کو ‘پہاڑی چوہا’ کہا گیا اور اکبر کے سامنے مہارانا پرتاپ کے کردار کو کمتر بتایا گیا۔ ایسی چیزوں کو قبول نہیں کیا جا سکتا اور ان کا جائزہ لیا جائے گا۔اور ان تمام کو بدلا جائے گا۔
بھارت ایکسپریس۔