Bharat Express DD Free Dish

RJD Expelled 27 leaders: آر جے ڈی کی بڑی کارروائی، کامران سمیت 27 باغی لیڈروں کو دکھایا باہر کا راستہ

راشٹریہ جنتا دل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پارٹی مخالف سرگرمیاں انجام دینےوالے 27 لیڈروں  کو پارٹی سے باہر کر دیا ہے، جس میں ممبر  ان اسمبلی سمیت  چھوٹے لال رائے اور محمد کامران شامل ہیں۔

بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے پیر کے روز بڑی کارروائی کرتے ہوئے  27 لیڈروں کو پارٹی سے باہرنکال دیا۔ باہر کئے گئے لیڈروں میں دو ایم ایل اے، چار سابق ارکان اسمبلی اور ایک ایم ایل سی شامل ہیں۔ آر جے ڈی نے ان لیڈروں پر پارٹی مخالف سرگرمیوں اور بہار اسمبلی انتخابات میں تنظیم کے نظریے کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات عائد کئےہیں۔ آر جے ڈی کے ریاستی سربراہ منگنی لال منڈل کے ایک بیان کے مطابق، باہر کئے گئے لیڈروں کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ  ’’آر جے ڈی نے لیڈروں کے خلاف یہ تادیبی کارروائی اس وقت کی  جب اسے پتہ چلا کہ وہ آر جے ڈی یا عظیم اتحاد کے نامزد امیدواروں کے خلاف کام کر رہے ہیں۔‘‘

 ایم ایل اے چھوٹے لال رائے اور گووند پور سے رکن اسمبلی محمد کامران بھی شامل

نکالے گئے لوگوں میں پرسا سے ایم ایل اے چھوٹے لال رائے اور گووند پور سے رکن اسمبلی محمد کامران بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ چار سابق ممبران اسمبلی رام پرکاش مہتو، انل ساہنی، سروج یادو اور انل یادو اور سابق ایم ایل سی گنیش بھارتی کو بھی پارٹی کی رکنیت سے معطل کر دیا گیا ہے۔ نکالے گئے دیگر اہم لیڈروں میں ریتو جیسوال، اکشے لال یادو، رام ساکھا مہتو، اونیش کمار، بھگت یادو، مکیش یادو، سنجے رائے، کمار گورو اور راجیو کشواہا کے علاوہ دیگر لیڈر شامل ہیں۔

نکالے گئے لیڈروں پر ردعمل

اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آر جے ڈی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا، ’’نکالے گئے لیڈر انڈیا اتحاد اور آر جے ڈی کے سرکاری طور پر اعلان کردہ امیدواروں کے خلاف کام کر رہے تھے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ 243 رکنی بہار اسمبلی کے لیے دو مرحلوں میں 6 اور 11 نومبر کو انتخابات ہوں گے، جس کے نتائج کا اعلان 14 نومبر کو کیا جائے گا۔ حال ہی میں بی جے پی کی بہار یونٹ نے بھی ’’پارٹی مخالف سرگرمیوں‘‘ میں ملوث ہونے پر کہلگاؤں کے ایم ایل اے پون یادو سمیت پارٹی کے چھ رہنماؤں کو نکال دیا تھا۔ اتوار کی شام جاری کردہ پارٹی کے بیان کے مطابق ایم ایل اے سمیت نکالے گئے لیڈروں کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’پارٹی نے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جب یہ پتہ چلا کہ تمام چھ رہنما ریاست میں جاری اسمبلی انتخابات کے دوران این ڈی اے کے نامزد امیدواروں کے خلاف پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ معطل ہونے والے اسمبلی کے موجودہ ایم ایل اے، پون یادو، جنہیں اس بار پارٹی نے ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا تھا، وہ کہلگاؤں نشست سے این ڈی اے کے نامزد امیدوار کے خلاف آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کر رہے ہیں۔‘‘ پارٹی سے نکالے گئے دیگر افراد میں سنی یادو، شراون کشواہا، اتم چودھری، ماروتی نندن ماروتی اور پون چودھری شامل ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read