![](https://urdu.bharatexpress.com/wp-content/uploads/2025/01/Accident-2.jpg)
حادثے میں جان گنوانے والے سبھی لوگ راجستھان کے بھیلواڑہ ضلع کے رہنے والے تھے اور پریاگ راج مہاکمبھ میں جا رہے تھے۔ یہ لوگ ایکو کار میں سفر کر رہے تھے۔ جے پور،اجمیر ہائی وے پر درد ناک سڑک حادثے میں آٹھ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو ئے ہیں۔ یہ حادثہ راجستھان کے دودو کے موکھم پورہ کے قریب جمعرات کو اس وقت پیش آیا ، جب ایک روڈ ویز بس کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی۔
کار میں سوار 8 افراد ہلاک
حادثے میں جان گنوانے والے سبھی لوگ بھیلواڑہ ضلع کے رہنے والے تھے اور پریاگ راج مہاکمبھ میں جا رہے تھے۔ یہ لوگ ایکو کار میں سفر کر رہے تھے، جو اجمیر سے جے پور کی طرف آ رہی تھی۔ روڈ ویز کی بس جودھ پور ڈپو کی تھی اور جے پور سے اجمیر جا رہی تھی۔ اچانک بس کا اگلا ٹائر پھٹ گیا اور ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا ،جس کی وجہ سے بس ڈیوائیڈر عبور کر کے کار سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار تمام آٹھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق حادثہ کا منظر انتہائی خوفناک تھا۔ تصادم کے بعد کار بری طرح سے کچل گئی تھی، جس کی وجہ سے لاشوں کو نکالنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا۔ مرنے والوں کی شناخت ہو گئی ہے اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
بڑلیاس گاؤں کے سابق سرپنچ پرکاش ریگر نے بتایا کہ مرنے والوں میں سے پانچ کا تعلق ان کے گاؤں سے تھا اور ان کے اہل خانہ نے حکومت سے 21 لاکھ روپے معاوضہ اور سرکاری نوکری کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعہ کی دوپہر تک لاشوں کو بھیلواڑہ پہنچانے کا عمل جاری رہے گا۔ گورنر ہری بھاؤ باگڈے نے اس واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور مرنے والوں کی روح کے سکون کے لیے پراتھنا کی۔ انہوں نے زخمی لوگوں کی جلد صحت یابی کی بھی پراتھنا کی۔
بھارت ایکسپریس۔