پٹرول اور ڈیزل کی وجہ سے لگی آگ، بغیر این او سی کےچل رہا تھا گیم زون ، 30 افراد جھلس کر ہلاک
25 مئی کو گجرات کے راجکوٹ کے ایک گیم زون میں زبردست آگ لگ گئی تھی،جس میں 30 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ راجکوٹ میں ہونے والے اس خوفناک حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ذرائع کے مطابق ٹی آر پی گیم زون نامی اس جگہ پر پٹرول اور ڈیزل رکھا گیا تھا ۔جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔ فی الحال آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق ٹی آر پی گیم زون میں رکھے گئے جنریٹر کو چلانے کے لیے 1500 سے 2000 لیٹر ڈیزل رکھا جاتا تھا۔ اسی طرح گو کار ریسنگ کے لیے بھی یہاں 1000 سے 1500 لیٹر پٹرول موجود تھا۔ آگ لگتے ہی پٹرول اور ڈیزل کین تک پھیل گئی۔ جس کی وجہ سے آگ مزید تیزی سے بھڑک اٹھی۔ یہاں آگ اتنی شدید تھی کہ گیم زون کا پورا ڈھانچہ جل کر راکھ ہو گیا۔ حادثے کے وقت یہاں بہت زیادہ لوگ موجود تھے۔
گیم زون فائر ڈیپارٹمنٹ کے این او سی کے بغیر چل رہا تھا
دی انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق راجکوٹ کے ڈپٹی میونسپل کمشنر سوپنل کھرے نے کہا کہ ٹی آر پی گیم زون نے ‘فائر نو-آبجیکشن سرٹیفکیٹ’ (این او سی) کے لیے درخواست نہیں دی تھی۔ انہوں نے کہا، “ہم گیمنگ زون کی تفصیلات کی تحقیقات کر رہے ہیں، لیکن پہلی نظر میں ایسا کوئی ریکارڈ نہیں ہے کہ آپریٹرز نے فائر این او سی کے لیے درخواست دی تھی، اور نہ ہی انہوں نے راجکوٹ میونسپل کارپوریشن سے کسی اور منظوری کے لیے درخواست دی تھی۔”
گیم زون پارٹنر مینیجر زیرحراست
راجکوٹ آتشزدگی کے واقعے کے بعد پولیس بھی مسلسل کارروائی میں نظر آرہی ہے۔ ٹی آر پی گیم زون کے منیجر نتن جین اور اس کے ایک پارٹنر یوراج سنگھ سولنکی کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ انہیں ہفتے کی رات دیر گئے حراست میں لیا گیا۔ گیم زون کے تین پارٹنرز ہیں، جن میں پرکاش جین، یوراج سنگھ سولنکی اور راہول راٹھور شامل ہیں۔ اب پولیس ان سے آگ لگنے کی وجہ اور یہاں موجود دستاویزات کے حوالے سے پوچھ گچھ کرنے جا رہی ہے۔
انٹری فیس اسکیم کی وجہ سے بھیڑ بڑھ گئی
دراصل راجکوٹ کے ٹی آر پی گیم زون میں ہفتہ کو انٹری فیس بڑھا کر 99 روپے کر دی گئی تھی۔ گرمیوں کی تعطیلات اور ویک اینڈ کی وجہ سے گیم زون کی جانب سے بچوں کو راغب کرنے کے لیے یہ اسکیم چلائی جارہی تھی۔ جس کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچ گئی تھی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ گیم زون میں اس وقت پیش آیا ۔جب بچوں سمیت متعدد افراد مختلف گیمز سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ گیم زون میں داخلے اور باہر نکلنے کے لیے 6 سے 7 فٹ کا صرف ایک راستہ تھا۔
ایس آئی ٹی راجکوٹ آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کرے گی
وہیں راجکوٹ میں اس خوفناک حادثے کے بعد حکومت بھی حرکت میں آگئی ہے۔ حکومت نے واقعہ کی تحقیقات ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سبھاش ترویدی کی سربراہی میں پانچ رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو سونپ دی ہے۔ آگ لگنے کے بعد راجکوٹ کے پولس کمشنر راجو بھارگوا نے میڈیا والوں کو بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کی جائیں گی اور شہر کے تمام گیمنگ زونز کو آپریشن روکنے کا پیغام جاری کر دیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس